حسین محتشم
پونچھ//آل جموں کشمیر پی ڈی ڈی کیجول لیبر ایسوسی ایشن پونچھ (PDLTDL) نے اپنی مانگوں کو لے کر ایک احتجاجی مظاہرے کے دوران سرکار سے مطالبہ کیا ہے کہ ان کی تنخواہوں میں اضافہ کرنے اور تمام ملازنین کو مستقل کیا جائے ۔احتجاجی مظاہرے کے دوران ضلع صدرچودھری فاروق پونچھی، گلریز منہاس، سلیم ،سخی جعفر کی قیادت میں مظاہرین نے موجودہ حکومت سے اپنے وعدہ پورہ کرنے کامطالبہ کیا۔چودھری فاروق پونچھی نے کہا کہ جموں کشمیر میں محکمہ بجلی میں برسوں سے یومیہ اجرت پر کام کر رہے عارضی ملازمین گزشتہ کئی دہائیوں سے مستقلی کا مطالبہ کرتے آرہے ہیں تاہم آج تک انہیں مستقل ملازمت نہیں دی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا جموں کشمیر میں مختلف محکموں میں ساٹھ ہزار سے زائد افراد یومیہ اجرت پر کام کر رہے ہیں، جن کو ڈیلی ویجرز یا نیڈ بیس کے نام سے پکارا جاتا ہے۔ ان ڈیلی ویجرز میں سے کئی افرا بجلی کھمبوں یا ترسیلی لائنز کی مرمت کے دوران کرنٹ لگنے، یا گرنے سے اپنی جان گنوا چکے ہیں جبکہ درجنوں عارضی ملازمین عمر بھر کے لئے معذور بھی ہو چکے ہیں۔انہوں نے کہا ان عارضی ملازمین نے ہزاروں احتجاج بھی کئے ہوں گے لیکن اس کے باوجود کسی بھی حکومت نے انہیں مستقل ملازمت فراہم نہیں کی ہے، اگرچہ مختلف سرکاروں نے ان سے وعدے بھی کئے ہیں، لیکن ایک بھی وعدہ آج تک وفا نہ ہوا۔ انہوں نے کہا بجلی محکمہ میں بحیثیت ڈیلی ویجر اس غرض سے کام کررہے ہیں کہ انہیں ایک روز محکمہ میں مستقل ملازمت ملے گی اور وہ اپنے معمر والدین اور بچوں کا سہارا بنیں گے۔انہوں نے کہا حفاظتی آلات فراہم کئے بغیر ہی ان عارضی ملازمین سے سال بھر کام لیا جاتا ہے، برفباری ہو یا تیز ہوائیں، آفات سماوی ہو یا ایمرجنسی، محض تین سو روپے کی اجرت پر یہ عارضی ملازمین اپنی جان گنوا دیتے ہیں یا عمر بھر دوسروں کے سہارے کے محتاج ہو جاتے ہیں۔انہوں نے کہا سرکار کو چاہئے کہ ان ڈیلی ویجزرز کو مستقل کرے اور ان کو حفاظتی آلات سے لیس بھی رکھے تاکہ بجلی حادثات کے وقت انکی ہلاکت نہ ہو یا یہ وہ معذور نہ ہو جائیں۔