جموں// جموں و کشمیر کے ضلع پونچھ میں لائن آف کنٹرول پر ہندوستان اور پاکستان کی افواج کے درمیان منگل کے روز بھی گولہ باری کا تبادلہ ہوا تاہم کسی بھی جانب کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔
دفاعی ذرائع کے مطابق پونچھ کے کرنی سیکٹر میں ایل او سی پر منگل کے روز قریب ساڑھے گیارہ بجے دن پاکستانی فوج نے بلا کسی اشتعال کے بھارتی چوکیوں کو نشانہ بنا کر گولہ باری شروع کی۔
انہوں نے کہا کہ وہاں تعینات بھارتی فوج بھی اس حملے کا بھر پور جواب دے رہی ہے تاہم فی الوقت کسی بھی جانب کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔
یاد رہے کہ اس خطے میں گذشتہ ایک ہفتے کے دوران طرفین کے درمیان گولی باری کا یہ تیسرا واقع ہے۔
قابل ذکر ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان سال 2003 میں جنگ بندی معاہدہ طے پایا لیکن دنیا میں کورونا قہر کے باوصف بھی طرفین کے مابین نوک جھونک کا سلسلہ تھمنے کا نام ہی نہیں لے رہا ہے جس کے باعث سرحد کے آر پار کی بستیوں کے رہنے والوں کی زندگیاں اجیرن بن گئی ہیں۔