پونچھ // ضلع پونچھ میں لائن آف کنٹرول پر جمعرات کو پاکستانی فوج کے باڈر ایکشن ٹیم (بیٹ) حملے میں دو فوجی اہلکار ہوگئے۔ فوج کے جوابی حملے میں ایک حملہ آورہلاک ہوگیا ۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ جمعرات کو قریب دو پہر دو بجے پاکستانی فوج کے باڈر ایکشن ٹیم سے منسلک کم از کم دو مسلح اہلکاروں نے قریب 600 فٹ ہندوستانی حدود میں داخل ہوکر فوج کی ایک گشتی پارٹی پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں دو فوجی اہلکار موقع پر ہی ہلاک جبکہ دو اہلکار زخمی ہوئے۔انہوں نے بتایا کہ فوجی جوانوں نے فوری جوابی فائرنگ کرکے ایک درانداز کو ہلاک کرنے میں کامیابی حاصل کی۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ طرفین کے مابین گولہ باری کے تبادلے کے درمیان پاکستانی فوج کی چوکیوں سے بھی فائرنگ شروع ہوئی جس کے نتیجے میں بیٹ کا ایک اہلکار فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔دفاعی ترجمان نے بتایا ’یہ پاکستان کی طرف سے پونچھ میں امسال ہونے والی تیسری بیٹ ایکشن تھی‘۔چکاداں باغ کے قریب لائن آف کنٹرول پر رات دیر گئے تک دونوں طرف سے فائرنگ اور گولہ باری جاری تھی۔