محتشم احتشام
پونچھ // ملک اور خطے میں امن و امان کے قیام اور خوشحالی کے لئے سناتن دھرم سبھا کی جانب سے کل، 9 اکتوبر 2025 کو ایک عظیم الشان ہون اور یَگ کا انعقاد کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں صدر سناتن دھرم سبھا کی قیادت میں ایک پریس کانفرنس منعقد کی گئی جس میں تنظیم کے تمام عہدیداران و کارکنان نے شرکت کی۔صدر سبھا نے اپنے بیان میں کہا کہ ملک میں اس وقت جو حالات درپیش ہیں، ان سے نجات اور امن و بھائی چارے کے فروغ کے لئے اجتماعی دعا اور یَگ کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ روحانی اجتماع گیتا بھون، پونچھ میں صبح 7 بجے شروع ہوگا اور دوپہر 1 بجے تک جاری رہے گا۔ اختتام پر تمام شرکاء کے لئے لنگر پرساد کا اہتمام بھی کیا گیا ہے۔انہوں نے عوام الناس سے اپیل کی کہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں شریک ہو کر ملک و سماج کے امن، بھائی چارے اور خوشحالی کیلئے دعا کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے مواقع صرف مذہبی نہیں بلکہ قومی یکجہتی کے مظاہر بھی ہوتے ہیں، جو مختلف طبقات کو ایک دوسرے کے قریب لاتے ہیں۔تنظیم کے دیگر اراکین نے بھی یقین ظاہر کیا کہ یہ ہون و یَگ علاقہ میں مثبت توانائی، باہمی ہم آہنگی اور خیر و برکت کا باعث بنے گا۔