پونچھ//سرحدی ضلع پونچھ میں مختلف مقامات کو جانے والی مسافرگاڑیوں پر مسافروں سے اضافی کرایہ وصولنے کا سلسلہ جاری ہے جس کو لے کر پریڈ پارک پونچھ میں دیہی علاقہ جات کے لوگوں کی جانب سے ایک زبردست احتجاجی مظاہرہ کیاگیا جہاں مظاہرین نے اضافی کرایہ وصول کرنے والے مافیا کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ۔احتجاجی مظاہرے کی قیادت کرتے ہوئے بھارتیہ جنتا پارٹی کے سینئر لیڈر سنیل گپتا نے کہا کہ گزشتہ کچھ ہفتوں سے پورے ملک میں کوڈ19کے معاملات میں اضافہ ہو رہا ہے انتظامیہ کی جانب سے بار بار انتباہ دیئے جانے کے باوجود ڈھوکری، بنوت، منگناڑ، دیگوار ملدیالاں، بگیال درہ ،دیگوار تیڑواں، گلپور، مالٹی،بانڈی چچیاں، اسلام آباد، بنوت، ڈھوکری، جھلاس، سلوتری وغیر جانے والی گاڑیوں میں کوڈ19سے متعلق احتیاطی تدابیر پر کوئی عمل نہیں کیا جاتا الٹا مسافروں سے اضافی کرایہ وصول کیا جاتا ہے ۔انہوں نے محکمہ روڈ ٹریفک کے اعلیٰ افسران سے کاروائی کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ مسافروں سے اضافی کرایہ لینے والی مسافر گاڑیوں کے روٹ پر مٹ منسوخ کردئیے جائیں۔انہوں نے کہا کہ اضافی کرایہ لینے والے ٹرانسپورٹ مافیا کے خلاف اگرکارروائی نہ ہوئی تو وہ احتجاجی مظاہروں میں شدت لانے پر مجبور ہو جائیں گے۔اس موقعہ پر موجود مسافروں نے کہا کہ بار ہا شکایت کے باوجود انتظامیہ کوعوام کی کوئی فکر نہیں۔انہوں نے کرایہ لینے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف موٹروے پولیس، ٹریفک پولیس اور دیگران سے فوری کارروائی عمل میں لا نے کی اپیل کی۔