پونچھ//پونچھ ضلع میں پانچ سو سے زائد ایسے نوجوان ہیں جنہوں نے مختلف یونیورسٹیوںسے فزیکل ایجوکیشن میں ایم پی ایڈ، بی پی ایڈ،سی پی ایڈ اور ایم فل جیسی ڈگریاں حاصل کر رکھی ہیںاور پچھلے کئی کئی سال سے سرکاری ملازمت کا انتظار کر رہے ہیں۔بیشتر نوجوان تواس انتظار میں اب ملازمت کی آخری عمر کے دہانے پر پہنچ چکے ہیں۔ ان نوجوانوں کی جانب سے ایک احتجاجی مظاہرہ کیاگیاجس کی قیادت امتیاز لون نے کی ۔اس موقعہ پر نوجوانوں نے سرکار کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ دعوے توبڑے بڑے کئے جاتے ہیں لیکن زمینی سطح پر کچھ نہیں ہو رہا ۔محمد رشید، خورشید نجار، سکھوندر سنگھ، کرنجیت سنگھ،رام چندر، خورشید شاہ،ظہیر عباس، شہناز احمد، اخلاق حسین، سندیپ کمار، راجیش کمار، وقار احمد، ایاز چوہان پردیپ کمار،امت کمار اور انل کمار نے کہا کہ پونچھ کے آخری دورے کے دوران مرحوم مفتی محمد سعید نے انہیں یقین دلایا تھا کہ وہ انہیںرہبر کھیل تعینات کریں گے،ضلع میں مختلف اسکولوں میں 434فیزیکل ایجوکیشن اسامیاں خالی پڑی ہوئی ہیں جن کوپُر کیا جانا ضروری ہے۔انہوں نے کہاکہ پونچھ میں پانچ سو نوجوان تربیت یافتہ ہوکر ملازمت کا انتظار کررہے ہیںجن کو اگر مستقل ملازمت نہیں دی جاتی تو کم از کم رہبر کھیل کے طور پر تعینات کیاجائے۔ امتیاز لون نے کہا کہ ضلع پونچھ کے کئی ممبران قانون ساز اسمبلی اجلاس کے دوران ان کی آواز اٹھا سکتے ہیں لیکن افسوس کہ وہ وہاں خاموش بیٹھے رہتے ہیں۔انہوں نے انتباہ دیا کہ اگرموجودہ سرکار نے ان کے حوالے سے جلدی کوئی اقدام نہ اٹھایا تو بڑے پیمانے پر احتجاج کیاجائے گا۔