محتشم احتشام
پونچھ//وزیر اعظم نریندر مودی نے جموں و کشمیر کے سرحدی ضلع پونچھ میں شری کرشن چندر گورنمنٹ ڈگری کالج سے ملک گیر مہم ’سواستھ ناری، سشکت پریوار ابھیان‘ کا باضابطہ آغاز کیا۔ یہ پہل خواتین کی صحت، غذائیت اور بااختیاری پر مرکوز ہے اور اسے موجودہ دور میں خواتین کی قیادت میں ترقی کے سفر کی ایک بڑی کڑی قرار دیا جا رہا ہے۔اس مہم کے تحت آئندہ مہینوں میں ملک بھر میں بڑے پیمانے پر صحت کیمپ منعقد ہوں گے جن میں لاکھوں خواتین اور بچیوں کی اسکریننگ اور علاج کیا جائے گا۔ ان کیمپوں میں ذیابیطس، کینسر، خون کی کمی (انیمیا)، تپ دق (ٹی بی) اور زچہ و بچہ کی دیکھ بھال سے متعلق سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ حکومتی ذرائع کے مطابق یہ قدم نہ صرف خواتین کی صحت کے معیار کو بہتر بنانے میں سنگ میل ثابت ہوگا بلکہ خاندانوں اور سماج کی مجموعی خوشحالی میں بھی اضافہ کرے گا۔اس موقع پر وزیر اعظم نے کئی دیگر فلاحی اسکیموں کا بھی افتتاح کیا جن میں پردھان منتری ماترو وندنا یوجنا کا نیا مرحلہ، سْمَن (سْرکشت ماترتوا ایوم نو جات) سَخی چیٹ بوٹ اور آدی سیوا پَرو شامل ہیں۔ آدی سیوا پرو قبائلی برادریوں کی ترقی اور انہیں صحت و تعلیم کے شعبوں میں مزید سہولتیں فراہم کرنے کے لئے ترتیب دیا گیا ہے۔وزیر اعظم مودی نے اپنے خطاب میں کہا کہ خواتین کو صحت مند اور بااختیار بنائے بغیر ترقی کا خواب ادھورا ہے۔ ’’جب عورت صحت مند ہوگی تو خاندان مضبوط ہوگا اور جب خاندان مضبوط ہوگا تو ملک خوشحال ہوگاانہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کی ترجیح بہتر غذائیت، صحت مند طرزِ زندگی کے فروغ اور ڈیجیٹل ہیلتھ سپورٹ کو عام کرنا ہے تاکہ خواتین کی زندگی میں حقیقی تبدیلی لائی جا سکے۔یہ پہل وزیر اعظم کے اس ویڑن کی عکاسی کرتی ہے جس کے تحت خواتین کو صرف مستفید ہونے والا طبقہ نہیں بلکہ ترقی کی قیادت کرنے والا ستون تصور کیا جا رہا ہے۔ ماہرین کے مطابق ’’سواستھ ناری، سشکت پریوار ابھیان‘‘ سے نہ صرف خواتین کی صحت کے شعبے میں بہتری آئے گی بلکہ ملک کی معاشی اور سماجی ترقی کی رفتار بھی تیز ہوگی۔