عظمیٰ نیوز سروس
پونچھ//ڈپٹی کمشنر پونچھ وکاس کندل نے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ضلع میں سماگرا شکشا پروگرام کے تحت جاری ترقیاتی کاموں کی جسمانی اور مالی پیش رفت کا جائزہ لیا۔چیف ایجوکیشن آفیسر، افتخار علی شاہ نے اجلاس میں پاورپوائنٹ پریزنٹیشن کے ذریعے ضلع میں سمرگر شکشا کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے بتایا کہ پروگرام کے تحت کل 331 ترقیاتی منصوبے تجویز کیے گئے ہیں، جن میں سے 115 مکمل ہو چکے ہیں، 86 پر کام جاری ہے، اور 51 منصوبے مئی کے آخر تک مکمل ہونے کی توقع ہے۔اجلاس کا مقصد ان ترقیاتی کاموں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانا اور سمرگر شکشا اقدام کی مجموعی پیش رفت کی مؤثر نگرانی کرنا تھا۔ڈپٹی کمشنر وکاس کندل نے محکمہ تعمیرات عامہ (آر اینڈ بی) کو ہدایت دی کہ جاری منصوبوں کی رفتار میں تیزی لائیں اور مقررہ وقت میں کام مکمل کرنے کو یقینی بنائیں۔اجلاس میں سپرنٹنڈنگ انجینئر پی ڈبلیو ڈی (آر اینڈ بی)، چیف پلاننگ آفیسر، چیف ایجوکیشن آفیسر، ایگزیکٹیو انجینئر پی ڈبلیو ڈی مینڈھر، ڈی پی ای او، اے ای ای پی ڈبلیو ڈی (آر اینڈ بی)، زونل ایجوکیشن آفیسرز ،جونیئر انجینئرز اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر نے افسران پر زور دیا کہ وہ ترقیاتی منصوبوں کی معیاری تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے زمینی سطح پر باقاعدگی سے مانیٹرنگ کریں تاکہ ضلع میں تعلیمی ڈھانچے کو مزید مستحکم کیا جا سکے۔