محتشم احتشام
پونچھ//پونچھ لنک اپ ڈے 2025 کی حتمی اور پْروقار تقریب ناٹو آڈیٹوریم پونچھ میں منعقد ہوئی جس کی صدارت جی او سی وائٹ نائٹ کور نے کی۔ یہ تقریب ایک ماہ تک جاری رہنے والی تقریبات کا نقط عروج ثابت ہوئی، جن کا مقصد 1948 کے اس تاریخی فوجی رابطے کی 78ویں سالگرہ منانا تھا، جب بھارتی فوج نے پونچھ کے بہادر عوام کے ساتھ 15 ماہ طویل محاصرے کو شکست دے کر شہر کو آزادی دلائی تھی۔جی او سی وائٹ نائٹ کور نے خطاب میں اس دن کو جرات، اتحاد اور ناقابلِ شکست قربانیوں کی میراث قرار دیتے ہوئے کہا کہ پونچھ کے عوام اور فوج کا رشتہ اعتماد، محبت اور وطن دوستی کی بنیاد پر ہمیشہ مستحکم رہا ہے۔اس دوران فلاحی سرگرمیوں کا وسیع سلسلہ تقریبات سے قبل ضلع بھر میں انسانیت دوستی اور سماجی بہبود پر مبنی بے شمار سرگرمیاں منعقد کی گئیں۔ متعدد مقامات پر میڈیکل کیمپس لگائے گئے جن میں بڑی تعداد میں مریضوں کا علاج کیا گیا۔ اسکول طلبہ کی بھرپور شرکت کے ساتھ منشیات مخالف ریلی کا انعقاد ہوا جس نے معاشرے کو منشیات سے پاک رکھنے کا پیغام دیا،ضرورت مند خاندانوں کے لئے راشن ڈسٹری بیوشن مہم چلائی گئیں، جبکہ مختلف مقامات پر شجرکاری مہم کے ذریعے ماحول دوستی کا عملی اظہار کیا گیا۔پونچھ لنک اپ ڈے کی تقریبا کے دوران ایک بڑے خون عطیہ کیمپ نے اس سال کی تقریبات کو منفرد بنا دیا، جس میں فوجی جوانوں اور عام شہریوں نے یکساں جذبے کے ساتھ حصہ لیا۔طلبامیں تخلیقی رجحان کو فروغ دینے کے لئے ٹیلنٹ ہنٹ مقابلہ اور آرٹس اینڈ سائنس ایگزیبیشن کا انعقاد کیا گیا، جس میں نوجوانوں نے اپنی صلاحیتیں بڑے اعتماد کے ساتھ پیش کیں۔جی او سی وائٹ نائٹ کور نے ان سرگرمیوں میں عوام کی بھرپور شرکت کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ایونٹس سماج میں اتحاد اور مشترکہ خوابوں کی تکمیل کا ذریعہ بنتے ہیں۔اس دورانٹیلنٹ ہنٹ میں شریک کرائسٹ اسکول پونچھ کی طالبہ مس کنکپریت سنگھ نے کہامیں خود کو خوش قسمت سمجھتی ہوں کہ مجھے اس پلیٹ فارم پر پرفارم کرنے کا موقع ملا۔ بھارتی فوج نے ہمیشہ پونچھ کے لوگوں کا ساتھ دیا ہے۔ آپریشن سندور میں فوج کی بہادری نے ہمیں نئی ہمت دی۔ آج میرا یہ سرحدوں کے نگہبان بہادر سپاہیوں کے نام ہے۔ میں اپنے ضلع کی نمائندگی پر فخر محسوس کرتی ہوں۔اس سال کی تقریبات کا ایک اہم حصہ مصنوعی اعضا فٹمنٹ کیمپ تھا جو 13 تا 15 نومبر 2025 کو منعقد ہوا۔پرتیم اسپریچوئل فاؤنڈیشن، بھگوان مہاویر وِکلانگ سہایتا سمیتی اور بھارتی فوج کے اشتراک سے قائم اس کیمپ میں 200 سے زائد معذور افراد کو مصنوعی اعضا، وہیل چیئرز، بیساکھیاں اور دیگر معاون آلات فراہم کئے گئے، جس سے درجنوں خاندانوں کو نئی امید، خود اعتمادی اور وقار ملا۔اختتامی تقریب میں جی او سی وائٹ نائٹ کور نے وار ویڈوز اور سابق فوجیوں کو خصوصی طور پر خراجِ عقیدت پیش کیا اور قوم کے لیے ان کی قربانی، مستقل مزاجی اور بہادری کا اعتراف کیا۔ناٹو آڈیٹوریم میں منعقدہ یہ تقریب اس عہد کی تجدید پر اختتام پذیر ہوئی کہ پونچھ کے عوام اور بھارتی فوج کا یہ اٹوٹ رشتہ آئندہ نسلوں تک اسی مضبوطی کے ساتھ قائم رہے گا۔