محتشم احتشام
پونچھ// انڈین آرمی کی 93 انفانٹری بریگیڈ کی جانب سے ’پونچھ لنک اپ ڈے‘ کی مناسبت سے منعقد کیا گیا دو روزہ شاندار ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام ناٹو آڈیٹوریم ہال میں بھرپور کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہو گیا۔ اس رنگارنگ پروگرام کا بنیادی مقصد ضلع پونچھ کے نوجوانوں کو اپنی تخلیقی صلاحیتیں پیش کرنے کا موقع فراہم کرنا اور ان میں حب الوطنی و قومی شعور کو مزید فروغ دینا تھا۔ضلع کے مختلف سرکاری و نجی اسکولوں کے طلباء و طالبات نے اس پروگرام میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ بچوں نے گلوکاری، رقص، ڈرامہ، خاکہ نگاری اور دیگر فنکارانہ سرگرمیوں کے ذریعے اپنی بے مثال قابلیت کا مظاہرہ کیا۔ پروگرام کی خاص اور توجہ کھینچنے والی جھلک وہ پرفارمنس رہی جس میں متعدد بچوں نے فوج کی حالیہ اہم کارروائی ’آپریشن سندھور‘ کے متاثر کن مناظر کو اسٹیج پر پیش کیا۔طلباء کی ان دل چسپ اور جذباتی پیشکشوں نے حاضرین کو نہ صرف محظوظ کیا بلکہ فوج کے عزم، قربانی اور ملک کے دفاع میں ان کی مسلسل جدوجہد کو بھرپور انداز میں سلام پیش کیا۔اختتامی تقریب میں 93 انفانٹری بریگیڈ کے کمانڈر، کمانڈنٹ 18 بہار ریجمنٹ، اور دیگر سینئر فوجی افسران نے خصوصی شرکت کی۔ فوجی افسران کے ہمراہ ضلع بھر کے اساتذہ، اسکول انتظامیہ کے نمائندے اور والدین بھی موجود رہے۔اس موقع پر بریگیڈ کمانڈر نے بچوں کی فنکارانہ صلاحیتوں اور فوج کے تئیں ان کے خلوص بھرے جذبات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے پروگرام نوجوانوں کو اعتماد، قیادت اور مثبت سرگرمیوں کی طرف مائل کرتے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اس طرح کے اقدامات فوج اور عوام کے درمیان اعتماد، تعاون اور بھائی چارے کو مضبوط بناتے ہیں۔تقریب کے اختتام پر نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلباء کو انعامات اور اسناد سے نوازا گیا۔ اساتذہ نے انڈین آرمی کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ پروگرام پونچھ کے طلباء کے لئے ایک یادگار اور رہنمائی سے بھرپور موقع ثابت ہوا ہے۔انہوں نے کہا یہ کامیاب پروگرام نہ صرف ضلع پونچھ کے نوجوانوں کی تخلیقی صلاحیتوں کا مظہر رہا بلکہ فوج اور عوام کے درمیان قائم مضبوط رشتے اور باہمی اعتماد کی روشن مثال بھی بن کر سامنے آیا۔