پونچھ//محکمہ پی ایچ ای کی جانب سے پونچھ قصبہ میں بچھائی گئی پانی کی پائپ لائنوں کی خستہ حالت ہے جو جگہ جگہ سے ٹوٹی ہوئی ہیں جس کی وجہ سے نہ صرف پانی ضائع ہورہاہے بلکہ اس سے راہگیروں کو بھی پریشانی ہوتی ہے ۔ وہی دوسری جانب قصبہ کی سڑکوں پر پائپ لائن سے بہنے والا پانی راہگیروں کے لئے کئی طرح کی پریشانیوں کا باعث بنتا جا رہا ہے۔اس سلسلہ میں محلہ کماں خان میں دکان چلانے والے گلزار حسین میر نے نہایت ہی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ محکمہ کے اعلیٰ افسران سے بار بار اپیل کرتے ہوئے اب تھک چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پونچھ قصبہ میں ایک طرف جہاں عوام پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں اوردوسری جانب محکمہ کی غفلت شعاری کی وجہ سے خستہ پائپ لائنوں سے کئی ٹن پانی ہر روز بہہ کر ضائع ہوجاتا ہے۔موہن پوری نامی ایک اور شخص نے کہا کہ قصبہ میں چونکہ سڑکوں کے بیچوں بیچ پانی کی پائپ لائن بچھائی گئی ہے اس لئے ان پائپوں سے نکلنے والا پانی ان سڑکوں کو بھی نقصان پہنچارہا ہے۔انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ محمد ہارون ملک سے اپیل کی کہ وہ اس سلسلہ میں محکمہ کے اعلیٰ افسران کو ہدایت کر کے پانی کی پائپ لائنوں کو ٹھیک کروائیں۔رابطہ کرنے پر محکمہ کے اے ای ای نے بتایا کہ ان کا محکمہ جلد ہی ان پائپ لائنوں کو ٹھیک کروائے گا۔انہوںنے عوام سے تعاون کی اپیل کی۔