محتشم احتشام
پونچھ // ضلع پونچھ کا تاریخی اور ثقافتی ورثہ، کرشن چندر پارک، ایک بار پھر عدم توجہ اور ناقص دیکھ بھال کی وجہ سے زبوں حالی کا شکار ہو گیا ہے۔ اس صورتحال پر سماجی کارکن ڈاکٹر سکھوندر سنگھ نے گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ خصوصاً ضلع ترقیاتی کمشنر سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر پارک کی حالت بہتر بنانے کے لئے عملی اقدامات کئے جائیں۔ڈاکٹر سکھوندر سنگھ نے کہا کہ یہ پارک نہ صرف ضلع پونچھ کے عوام کے لئے ایک اہم تفریحی مقام ہے بلکہ اس کی ادبی اور ثقافتی اہمیت بھی ہے کیونکہ یہ پارک اردو ادب کی معروف شخصیت کرشن چندر کے نام سے منسوب ہے۔ ان کے مطابق اس پارک کو بہتر بنا کر نہ صرف عوامی سہولت میں اضافہ کیا جا سکتا ہے بلکہ کرشن چندر کی یاد کو بھی اجاگر کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ وقت میں پارک کی حالت انتہائی خراب ہے۔ ٹوٹ پھوٹ، کچرے کے ڈھیر، صفائی ستھرائی کی کمی اور بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی نے عوام کو مایوس کر دیا ہے۔ بچوں کے کھیل کے آلات خستہ حالی کا شکار ہیں جبکہ سبزہ زار کی دیکھ بھال نہ ہونے کے برابر ہے۔ اس کے علاوہ روشنی کے ناقص انتظام نے شام کے اوقات میں پارک کو غیر محفوظ بنا دیا ہے۔سماجی کارکن نے واضح کیا کہ اگر اس پارک کی بروقت دیکھ بھال نہ کی گئی تو یہ تاریخی مقام مزید بربادی کی طرف جا سکتا ہے، جس سے نہ صرف عوام کی تفریحی ضرورتیں متاثر ہوں گی بلکہ ضلع پونچھ کی شناخت اور کرشن چندر کے نام سے جڑی یادگار بھی مجروح ہوگی۔انہوں نے زور دیا کہ ضلعی انتظامیہ فوری طور پر ایک خصوصی منصوبہ تیار کرے جس میں پارک کی تزئین و آرائش، صفائی ستھرائی کے نظام کو بہتر بنانا، کھیل کے آلات کی بحالی، سبزہ زار کی نگہداشت اور حفاظتی اقدامات شامل ہوں۔ ان کے مطابق ایک جدید اور پرکشش پارک کی فراہمی عوام کو سکون کا احساس دلائے گی اور آنے والی نسلوں کے لیے ایک بہتر تفریحی ماحول فراہم کرے گی۔علاقہ مکینوں نے بھی اس معاملے پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ کرشن چندر پارک پونچھ شہر کی پہچان ہے اور اس کی موجودہ حالت انتظامیہ کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ عوام نے پرزور مطالبہ کیا کہ فوری توجہ دے کر اس تاریخی ورثے کو محفوظ بنایا جائے اور دوبارہ سے اسے ایک مثالی تفریحی مقام میں تبدیل کیا جائے۔