حسین محتشم
پونچھ//ضلع پونچھ کے ہیڈکوارٹر میں دیوالی کی تیاریاں عروج پر ہیں، جس سے شہر کا ماحول رنگا رنگی اور جوش و خروش سے بھرا ہوا ہے۔ دیوالی کے تہوار کے موقع پر مقامی بازاروں، گلیوں اور گھروں کو دیپوں اور رنگ برنگی روشنیوں سے سجایا جا رہا ہے۔ ہر طرف خوشی اور جوش کی فضا ہے، اور لوگ دیوالی کے استقبال میں مکمل طور پر مصروف ہیں۔بازاروں میں عوام کی بڑی تعداد خریداری میں مشغول ہے۔ لوگوں نے نئے کپڑے، مٹھائیاں، پٹاخے اور دیگر تہوار کی اشیاء خریدنا شروع کر دی ہیں،خاص طور پر، پونچھ کے مقامی کاریگروں نے دیوالی کی مٹی کے دیے اور دیگر سجاوٹی اشیاء تیار کی ہیں جو بہت مقبول ہو رہی ہیں۔ تاجر حضرات نے بھی مختلف رعایتیں فراہم کی ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ تہوار کی خوشیوں میں شامل ہو سکیں۔دیوالی کی مناسبت سے مندر اور گھروں میں خصوصی پوجا کا اہتمام کیا گیا ہے ۔اس کے ساتھ ہی دیوالی کی شام کو بڑے پیمانے پر آتش بازی کا مظاہرہ کی تیاریاں کی گئی ہیں ۔ضلعی انتظامیہ نے دیوالی کے دوران عوام کے تحفظ اور امن و امان کو یقینی بنانے کے لئے خصوصی حفاظتی اقدامات کئے ہیں۔ پولیس اور دیگر متعلقہ ادارے دیوالی کی تقریبات کے دوران گشت کریں گے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔ضلع کے صدر مقام پر ،دیوالی کے سبب بازروں کی رونقیں بھی دوبالا نظر آرہی ہیں،حاجی مارکٹ، قلعہ بازار،سٹی چوک بازار، ہاتھی تھان بازار، کے علاوہ دیگر تمام بازاروں کو روشنی سے سجایا گیا ہے جبکہ دیوالی کے موقع پر دکانوں داروں کی جانب سے گھر میں استعمال ہونے والے ساز و سامان، برتنوں، برقی مشینوں پر خصوصی رعایت دی گئی ہے جس کی وجہ سے لوگ خریداری میں مشغول نظر ارہے ہیں۔کشمیر عظمی سے بات کرتے ہوئے کچھ تاجروں نے کہا کہ ’’ہم ملک کے عوام کو اس موقع پر مبارکباد پیش کرتے ہیں اور یہی دعا کرتے ہیں کہ پوری دنیا کے ساتھ ساتھ ہمارے ملک میں بھی امن و امان بنا رہے ہیں‘‘۔ڈرائیور ایسوسی ایشن پونچھ نے عوام کو دیپا والی کی مبارکباد پیش کی ہے۔
پولیس نے مارکیٹ کا معائینہ کیا
غیر قانونی پارکنگ کے خلاف کارروائی عمل میں لائی
حسین محتشم
پونچھ//دیوالی کے تہوار پر پولیس کی جانب سے پونچھ میں مارکیٹ چیکنگ کی گئی۔ایس ایس پی پونچھ ممتاز احمد کی ہدایت پر ڈی وائی ایس پی ہیڈ کوارٹر پونچھ پنکج سودن اور ایس ایچ او پونچھ کنال سنگھ جموال نے پونچھ بازار کا اچانک دورہ کیا اور دیپاولی کے موقع پر پونچھ کے لوگوں میں مٹھائیاں تقسیم کیں اور انہیں اس تہوار کے موقع پر مبارکباد دی۔ڈی وائی ایس پی پنکج سودن نے دیگر افسران اور پولیس اہلکاران کے ہمراہ پورے بازار کا دورہ کیا۔ اس دورہ کے دوران انہوں نے بازار میں اٹھائے گئے حفاظتی اقدامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے تاجروں سے ملاقات کر کے ان کو دیوالی کی مبارک باد پیش کی۔اس دورے کے دوران پولیس نے مارکیٹ میں غیر قانونی طور پر پارک کی گئی تھی گاڑیاں بھی ہٹائیں۔انہوں نے دکانداروں کو بھی ہدایت کی کہ وہ اپنی دکانوں سے باہر سامان نہ لگائے۔انہوں نے کہا کہ دکاندار سڑک پر اپنا سامان رکھ دیتے ہیں جس کی وجہ سے شہریوں کو آمد و رفت میں کئی طرح کی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔اس دوران ذراذئع ابلاغ کے نمائندگان کے ساتھ بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ دیوالی کے تہوار پر تمام اہل وطن کو مبارک باد پیش کرتے ہیں۔انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ آپسی بھائی چارہ کے روایت کو برقرار رکھتے ہوئے یہ تہوار بھی مل جھل کر منائیں۔انہوں نے دو پہیہ اور تین پہیہ گاڑیوں والوں کو بھی اہم ہدایات جاری کرتے ہوئے ہدایت کی کہ وہ قوانین کے خلاف ورزی نہ کریں۔انہوں نے انتباہ دیا کہ جو قوانین کی خلاف ورزی کریں گے ان کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔
راجوری انتظامیہ نےفوجی جوانوں کے ساتھ دیوالی منائی
عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//ضلع راجوری کی انتظامیہ نے سرحدی علاقے (ایل او سی) کے قریب تعینات فوجی جوانوں کے ساتھ دیوالی کا تہوار منایا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ابھیشیک شرما اور سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس رندیپ کمار نے بہادر فوجیوں کے ساتھ دیوالی کی خوشیاں شیئر کرتے ہوئے انہیں مٹھائیاں پیش کیں۔یہ دورہ ان جوانوں کی خدمات کو سراہنے کے لئے کیا گیا جو مشکل حالات میں قوم کے تحفظ میں مصروف ہیں اور تہوار کے موقع پر اپنے اہل خانہ سے دور ہیں۔ ڈی سی ابھیشیک شرما اور ایس ایس پی رندیپ کمار نے دیگر اعلیٰ افسران کے ہمراہ فوجیوں کی قربانیوں اور عزم کی تعریف کی۔ اس موقع پر مٹھائیوں کا تبادلہ اور تہنیتی کلمات کا تبادلہ کیا گیا، جس نے تہوار کی خوشیوں اور عوام کی جانب سے فوج کے لیے احترام کے جذبات کو اجاگر کیا۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ’’دیوالی روشنی کی تاریکی پر فتح کی علامت ہے، اور ہمارے بہادر سپاہی اس تہوار کی اصل روح کو ظاہر کرتے ہیں جو ملک میں امن و سلامتی کو یقینی بناتے ہیں‘‘۔ ایس ایس پی رندیپ کمار نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ’’ یہ جوان جو خطرناک علاقوں میں خدمات انجام دے رہے ہیں، ان کی محنت اور قربانیوں پر ہمیں فخر ہے‘‘۔اس تقریب کو فوجی جوانوں نے گرم جوشی سے قبول کیا اور انتظامیہ کے اس خلوص کا شکریہ ادا کیا۔