حسین محتشم
پونچھ //جموں و کشمیر کے سرحدی ضلع پونچھ کے عوام دور جدید میں بھی مختلف سہولیات سے محروم ہیں۔خصوصی طور پر یہاں ٹرانسپورٹ کی جدید سہولیات دستیاب نہیں ہیں۔ خاص طور پر الیکٹرک بسوں اور جموں و کشمیر اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (ایس آر ٹی سی) کی بسوں کی کمی کو شدت سے محسوس کیا جا رہا ہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ سرکاری بس سروسز صرف جموں اور سرینگر جیسے بڑے شہروں تک ہی محدود ہیں، جبکہ پونچھ جیسے دور دراز اور سرحدی علاقے ان سہولیات سے محروم ہیں۔انہوں نے کہا پونچھ ضلع کی تمام تحصیلیں بشمول منڈی، مینڈھر اور سرنکوٹ میں لوگوں کو روزمرہ کی آمد و رفت میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پونچھ سے سرینگر، منڈی سے سرینگر، مینڈھر سے سرینگر اور سرنکوٹ سے سرینگر کے لئے الیکٹرک اور ایس آر ٹی سی بسیں فوری طور پر چلائی جائیں تاکہ مسافروں کو آرام دہ اور سستی سفری سہولیات دستیاب ہوں۔شہریوں کا کہنا تھا اگر حکومت واقعی ماحول دوست اور ترقی یافتہ سفری نظام کو فروغ دینا چاہتی ہے تو اسے الیکٹرک بسوں کو صرف شہری علاقوں تک محدود رکھنے کے بجائے دیہی اور سرحدی علاقوں میں بھی فراہم کیاجائے۔انہوں نے کہا پونچھ ایک ایسا ضلع ہے جہاں سڑکیں تو موجود ہے، مگر مناسب ٹرانسپورٹ سروس نہ ہونے کی وجہ سے یہ سڑکیں عام لوگوں کے کسی کام نہیں آ رہیں۔انہوں نے کہا الیکٹرک اور سرکاری بسوں کی فراہمی نہ صرف سفر کو سہل بنائے گی بلکہ اس سے مقامی معیشت کو بھی تقویت ملے گی۔ تجارت، تعلیم اور دیگر شعبہ جات میں لوگوں کی رسائی آسان ہو جائے گی، جس سے مجموعی ترقی ممکن ہوگی۔انہوں نے حکومت جموں و کشمیر سے اپیل کی کہ وہ اس اہم عوامی مسئلے پر فوری توجہ دے اور پونچھ کیلئے جدید سفری سہولیات مہیا کرے تاکہ یہاں کے لوگ بھی دیگر اضلاع کی طرح بہتر زندگی گزار سکیں۔