حسین محتشم
پونچھ//دنیا بھر کی طرح سرحدی ضلع پونچھ میں بھی ماہ مبارک رمضان کے آخری جمعہ کو یوم قدس کے طور منایا گیا۔ اس دوران جامع مسجد حضرت علی سے پریڈ پارک تک قدس ریلی نکالی گئی جس میں شامل مظاہرین نے فلسطینی مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا اور دنیا بھر کے ظالموں سے اظہار برہمی کیا۔اس دوران مظاہرین نے اپنے ہاتھوں میں بینر اور پمفلٹ اٹھا رکھے تھے جن پر نعرے درج تھے اور غزہ کے مظلومین کی تصاویر بنی ہوئی تھی۔اس دوران امام جمعہ و جماعت علی جامع مسجد مولانا امان حیدر رضوی، مولانا کرار حسین جعفری، مقصود علی قلی صدر انجمن جعفریہ پونچھ اور سید ذکی حیدر کاظمی نے کہا کہ مسئلہ فلسطین، جو عالم اسلام کا ایک بنیادی مسئلہ ہے، نہ صرف فلسطینی عوام کی حمایت کے حوالے سے اہمیت رکھتا ہے بلکہ اس سے بڑھ کر مظلوموں کے دفاع اور استکبار کے خلاف جدوجہد میں ایک اساسی اصول ہے۔اسی بنا پر بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی رحمتہ اللہ علیہ نے اسے اپنے فکری و اعتقادی محور کے طور پر متعارف کرایا اور رہبر معظم انقلاب اسلامی مدظلہ العالی کے فرمان کے مطابق ’آج فلسطین کا دفاع درحقیقت ایک ایسی سچائی کا دفاع ہے جو خود مسئلہ فلسطین سے کہیں زیادہ وسیع ہے‘۔انہوں نے کہا یوم قدس، نظامِ استکبار کے خلاف جدوجہد کی علامت اور زوال پذیر صیہونی حکومت کے مقابلے میں تمام مسلمانوں بلکہ تمام حریت پسندوں اور مختلف ادیان و مذاہب کے پیروکاروں کے اتحاد و یکجہتی کا دن ہے، جس دن وہ ظلم و بربریت کی مذمت کرتے ہوئے مظلوموں کی حمایت کا نعرہ بلند کرتے ہیں۔انہوں نے آج جب مزاحمتی محاذ پہلے سے کہیں زیادہ اپنی طاقت اور عزم کا مظاہرہ کر رہا ہے اور ہزاروں بے گناہوں کی شہادت کے باوجود غاصب صیہونی حکومت اپنے مذموم مقاصد حاصل کرنے میں ناکام رہی ہے، یہاں تک کہ قیدیوں کا تبادلہ بھی فلسطینی مزاحمت کی شرائط پر ہوا ہے، تو تمام مسلمانوں پر فرض ہے کہ وہ فلسطینی عوام اور مزاحمتی محاذ کی حمایت کو پہلے سے زیادہ مضبوط اور وسیع انداز میں پیش کریں۔انہوں نے کہااسلامی تبلیغاتی رابطہ کونسل صوبہ قم اس بابرکت مہینے میں عبادات کی قبولیت کی دعا کے ساتھ مولائے متقیان حضرت علی علیہ السلام کے فرمان “مظلوم کا دفاع کرو” پر عمل کرتے ہوئے آپ تمام غیور ایرانی عوام سے اپیل کرتی ہے کہ وہ دیگر مسلمانوں اور دنیا کے حریت پسندوں کے ساتھ مل کر “علی العہد یا قدس” (ہم قدس کے ساتھ اپنے عہد پر قائم ہیں) کے مرکزی نعرے کے تحت، یوم قدس کی ریلی میں بھرپور شرکت کریں۔