عشرت حسین بٹ
پونچھ//محکمہ سیاحت کی جانب سے پونچھ شہر میں سالوں قبل تعمیر کردہ ٹی آر سی کی عمارت کی حالت خستہ حالی کی طرف گامزن ہے۔ عمارت کی جتنی کھڑکیاں یا لکڑی سے بنی دوسری چیزیں ہیں وہ آہستہ آہستہ بوسیدہ ہو رہی ہیں جس کو دیکھنے والا کوئی بھی نہیں ہے۔ بتا دیں کہ پونچھ گزشتہ کافی عرصہ سے محکمہ سیاحت کی دیکھ بال کرنے والا آفسر ہی موجود نہیں ہے جس کی وجہ سے دن بہ دن اس عمارت کی حالت کافی خستہ ہو رہی ہے اگر چہ اس عمارت میں معمول کے مطابق مختلف قسم کی تقریبات ہوتی ہیں ان تقریبات سے کمائے جانے والا پیسہ بھی اس عمارت پر نہیں لگایا جا رہا ہے۔ اس حوالہ سے پونچھ کے معروف سماجی کارکن پردیپ کھنہ نے کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ عمارت کروڑوں روپیہ کی لاگت سے پونچھ ڈاک بنگلہ کے متصل تعمیر کی گئی تھی جس میں مختلف قسم کی تقریبات انجام دی جاتی ہیں مگر اس عمارت کی دیکھ بھال پر محکمہ سیاحت کی جانب سے کوئی بھی توجہ نہیں دی جا رہی ہے۔ ان کا بھی کہنا تھا کہ اس عمارت کی کھڑکیاں اور عمارت کے اندرونی سٹرکچر کی حالت اتنی ابتر ہو گئی ہے کہ انتظامیہ کو محکمہ سیاحت کی جانب سے اس اس عمارت کی مرمت پر کوئی بھی توجہ مرکوز نہیں کی جا رہی انہوں نے کہا جہاں انتظامیہ محکمہ سیاحت کے تحت بڑے بڑے ترقیاتی کام کرنے کے دعوے کر رہی ہے وہاں ٹی آر سی پونچھ کی عمارت دن بدن خستہ حالت کی طرف گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکام کو چاہے کہ وہ اس عمارت کی مرمت کرے اگر حکام کے پاس پیسہ نہیں ہے تو وہ اسی عمارت سے کمائے جانے والی رقم کا استعمال کر کے اس عمارت کو ایک مرتبہ مرمت کریں تاکہ پونچھ شہر کی شان رفتہ بحال ہو سکے ۔رابطہ کرنے پر ایڈیشنل ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ طاہر مصطفٰے نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ جونہی پونچھ ضلع میں سی او ٹورایزم کی تعیناتی ہوگی تو اس عمارت کی مرمت کی جائے گی۔