پونچھ// چند دنوں کی خاموشی کے بعد ایک بار پھر سرحدی ضلع پونچھ کے کئی سیکٹروں میں ہندوپاک افواج کے درمیان فائرنگ اور گولہ باری کا تبادلہ ہواجس کے نتیجہ میں بی ایس ایف کے دو اہلکار اور دو عام شہری زخمی ہوگئے ۔ شام پانچ بجے پونچھ قصبہ کے ملحقہ سرحدی گائوں کھڑی کرماڑہ، دیگوار،اجوٹ اور دیگر علاقوں میں پاکستانی فوج کی جانب سے ہندوستان مورچوں پر زبردست گولہ باری کی گئی جس کا بھارتی فوج نے بھی جواب دیا۔اس دوران دیگوارملدیالاں میں محمد خورشید ولد محمد حسین اور کبیر حسین ولد محمد شریف نامی دو افراد زخمی ہوئے ۔ساوجیاں سیکٹر میں بی ایس ایف کی 137بٹالین کے دو اہلکار معمولی زخمی ہوئے۔ساوجیاں سیکٹر میں بھی چاپڑیاں ،گگڑیاں،بلنائی میں شام پانچ بجے سے گولہ باری شروع ہوئی جو آخری اطلاعات ملنے تک جاری تھی ۔ تحصیل منڈی کے صدر مقام کے بالائی علاقہ اورڈوڈہ میں بھی سخت گولہ باری کے تبادلہ کی اطلاعات موصول ہورہی ہیں ۔