پونچھ سیکٹر میں آر پار گھمسان

Kashmir Uzma News Desk
2 Min Read
پونچھ+مظفر آباد //پونچھ میں لائن آف کنٹرول پر ہند وپاک افواج کے درمیان ایک مرتبہ پھر شدید ترین گولی باری کے نتیجے میں پاکستانی زیر انتظام کشمیر میں 3جواں سال بہن بھائی جاں بحق اور ان کے والدین بری طرح مضروب ہوئے جبکہ اِس پار مارٹر گولے بستیوں میں گرنے سے 5شہری زخمی ہوگئے اور کئی تعمیرات کو نقصان پہنچا۔پاکستانی رینجرس نے اتوار کی شام 6بجے پونچھ ضلع میں پاکستان کے ساتھ لگنے والی لائن آف کنٹرول پرفوج کی اگلی چوکیوں کو نشانہ بنانے کی غرض سے شدید فائرنگ شروع کی ۔ پاکستانی فوج نے بھارتی فوجی چوکیوں کو نشانہ بنانے کی غرض سے آر پی جی، مارٹر شیل، راکٹ اور میڈیم مشین گن استعمال کئے جس کا بھرپور جواب دیا گیا۔گولی باری کیرنی، شاہپور، گونتریاں، دگوار اور ملحقہ علاقوں پر کی گئی ۔جس کے باعث شاہپور کے بنڈی چیچیاں اور قصبہ نامی گائوں میں5شہری زخمی  ہوئے۔زخمی شہریوں میں زاہد حسین شاہ، محمد قاسم، محمد جمیل، پروین اختر اور محمد سفیر شامل ہیں ۔ جبکہ متعدد گائو خانے سمیت کئی تعمیرات کو بھی نقصان پہنچا۔ گولی باری کا سلسلہ قریب نصف شب تک جاری رہا۔اُدھر پاکستان نے بھارت پر بلا اشتعال گولہ باری کاالزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی فوج کی فائرنگ سے اس کے زیر انتظام کشمیر میں 3شہری جاں بحق ہوگئے۔ بلا جوازفائرنگ کے تازہ واقعات نیزا پیر سیکٹر میں رات10سے11بجے کے درمیان پیش آئے ۔ بھارتی فوج کی طرف سے داغا گیا مارٹر شیل فتح پور نامی گائوں میں ایک رہائشی مکان پر جالگا جس کے نتیجے میں3بہن بھائی جاں بحق ہوئے جن میں 32سالہ نوید اور اس کی20سالہ بہن عصمہ بھی شامل ہیں۔سرحد پار حکام کا کہنا ہے کہ دونوں کا والد شیخ مشتاق، والدہ55سالہ نسیمہ بیگم اور ان کا ایک اور25سالہ بیٹا انصار مارٹر شدید طور زخمی ہوئے۔ انصاربھی بعد میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ بیٹھا۔
 
Share This Article
Leave a Comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *