پونچھ//ہندوپاک کے درمیان مسلسل پانچویں ہفتے بھی آر پاربس سروس معطل رہی ۔ا س دوران پاکستانی زیر انتظام کشمیر سے تعلق رکھنے والے پونچھ میں درماندہ 116مسافروں کی طرف سے حکام کے خلاف احتجاجی دھرنادیاگیا۔اس دوران مسافروں نے سڑک پر بیٹھ کر گاڑیوں کی آمدورفت بند کر کے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ان کے اپنے وطن لوٹنے کی سبیل کی جائے۔اس دورا ن ایس ایچ او پونچھ محمد امین وہاں پہنچے اور انہوںنے مظاہرین سے اپیل کی کہ وہ اپنا احتجاج ختم کریں ۔انہوں نے مسافروں کو بتایا کہ ضلع انتظامیہ پونچھ کی جانب سے آج بھی کوشش کی گئی تھی کہ یہ سروس بحال ہو لیکن دوسری جانب سے گیٹ نہیں کھولا گیا جس کی وجہ سے بس سروس آج بھی ملتوی کرنا پڑی۔انہوں نے مسافروں کو حوصلہ بنائے رکھنے کی اپیل کی ۔انہوں نے پاکستانی زیر انتظام کشمیر کے مسافروں کو بتایا کہ پونچھ سے بھی 3مسافر بھی حد ِمتارکہ کے دوسری جانب اپنے رشتہ داروں کو ملاقات کے لئے گئے ہوئے ہیں جو بھی اپنے گھر واپس آنا چاہتے ہیں۔انہوں نے مسافروں کو بتایا کہ اگلے ہفتہ چونکہ یوم آزادی منایا جا رہا ہے اس لئے وہ اگلے ہفتہ بھی نہیں جا پائیں گے لیکن اس کے اگلے ہفتہ پوری کوشش کی جائے گی کہ وہ اپنے اپنے وطن لوٹ سکیں ۔ایس ایچ او کی یقین دہانی کے بعد مظاہرین نے اپنے احتجاج ملتوی کیا۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان چلنے والی یہ بس سروس پچھلے پانچ ہفتوںسے معطل ہے ۔اس کے علاوہ تجارتی سلسلہ بھی منقطع ہے ۔