محتشم احتشام
پونچھ // ضلع پونچھ کے مرکزی بس اسٹینڈ کے قریب واقع بڑا نالہ گزشتہ کئی دنوں سے بند پڑا ہے، جس کے باعث اردگرد کے علاقوں میں گندگی، تعفن اور مکھیوں و مچھروں کی بہتات نے عوام کی زندگی اجیرن کر دی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ میونسپل کونسل کی جانب سے صفائی نہ کئے جانے پر وہ سخت ناراض ہیں اور متعلقہ محکمہ مسلسل چشم پوشی اختیار کیے ہوئے ہے، حالانکہ متعدد بار شکایات درج کرائی جا چکی ہیں۔مقامی لوگوں کے مطابق، نالہ کی بندش سے نکاسی آب کا نظام مکمل طور پر مفلوج ہو چکا ہے، اور جمع شدہ گندے پانی کے باعث بدبو کے ساتھ ساتھ مختلف بیماریاں پھیلنے کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ شہریوں نے تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اگر آئندہ دنوں میں معمولی بارش بھی ہوئی تو جمع شدہ پانی بس اسٹینڈ کے اندر داخل ہو جائے گا، جس سے سیلاب جیسی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے حالات میں ممکنہ نقصان کی ذمہ داری براہِ راست انتظامیہ پر عائد ہوگی۔عوام نے ڈپٹی کمشنر پونچھ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر میونسپل کونسل کو ہدایت دیں کہ نالہ کی مکمل صفائی کی جائے اور پانی کی نکاسی یقینی بنائی جائے۔ اس کے ساتھ ہی شہریوں نے زور دیا کہ نالہ صاف ہونے کے بعد وہاں کچرا یا سخت مواد پھینکنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ خاص طور پر ہوٹل مالکان، سبزی فروشوں اور مرغ و مچھلی فروشوں کو متنبہ کیا جائے کہ وہ اپنا فضلہ نالے میں نہ ڈالیں، بصورتِ دیگر ان پر جرمانہ عائد کیا جائے۔عوامی حلقوں نے امید ظاہر کی ہے کہ ضلعی انتظامیہ بروقت قدم اٹھائے گی تاکہ شہر میں صفائی و صحت عامہ کے مسائل پر قابو پایا جا سکے اور بس اسٹینڈ کے آس پاس کے علاقے کو ممکنہ وبائی اور سیلابی خطرات سے محفوظ بنایا جا سکے۔مقامی شہریوں نے یہ بھی کہا کہ نالہ کی بروقت صفائی اور مؤثر نگرانی نہ ہونے کی صورت میں نہ صرف شہر کی روزمرہ زندگی متاثر ہوگی بلکہ شہریوں کی صحت اور رہائش بھی خطرے میں پڑ جائے گی، اس لیے انتظامیہ کو فوری طور پر سنجیدہ اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔