محتشم احتشام
پونچھ//ضلع پونچھ کے مرکزی بس اسٹینڈ پر ڈرائیوروں کے درمیان جھگڑے کا ناخوشگوار واقعہ پیش آیا، جس کے دوران تکرار اور بدزبانی نے ماحول کو کشیدہ بنا دیا۔اچانک پیش آئے اس واقعے سے موقع پر موجود مسافروں اور عام شہریوں میں سخت برہمی دیکھی گئی۔ عوام نے ایس ایس پی پونچھ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ واقعے کا فوری نوٹس لے کر ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائیں تاکہ آئندہ ایسے واقعات کا اعادہ نہ ہو۔ڈرائیور ایسوسی ایشن پونچھ کے چیئرمین بشیر احمد جٹ نے اس معاملے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بس اسٹینڈ عوام اور ڈرائیور برادری دونوں کے لئے ایک مشترکہ مقام ہے، جہاں نظم و ضبط اور باہمی احترام کا برقرار رہنا نہایت ضروری ہے۔ انہوں نے ایس ایس پی پونچھ اور ایس ایچ او پونچھ سے مطالبہ کیا کہ اس واقعے کی منصفانہ تحقیقات کی جائیں اور قصورواروں کے خلاف مثالی کارروائی عمل میں لائی جائے۔انہوں نے اس موقع پر ضلع پونچھ کی خستہ حال سڑکوں پر بھی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ سڑکوں کی ٹوٹ پھوٹ سے نہ صرف ڈرائیور طبقہ مشکلات کا شکار ہے بلکہ عوام کی روزمرہ زندگی بھی متاثر ہو رہی ہے۔ گاڑیاں بار بار خراب ہوتی ہیں اور سفری اوقات میں تاخیر معمول بن چکی ہے۔بشیر احمد جٹ نے کہا کہ جموں و کشمیر حکومت کی جانب سے انتخابات سے قبل عوام کو کئے گئے وعدے بہتر سڑکیں، صحت، تعلیم، روزگار، مفت بجلی اور مفت راشن تاحال محض دعوؤں تک محدود ہیں۔ انہوں نے افسوس ظاہر کیا کہ عوام آج بھی بنیادی سہولیات کے منتظر ہیں، جب کہ متعلقہ محکمے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔آخر میں، انہوں نے مرکزی حکومت اور جموں و کشمیر یو ٹی انتظامیہ سے اپیل کی کہ پونچھ ضلع میں سڑکوں کی فوری مرمت، بنیادی ڈھانچے کی بہتری اور عوامی سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام اور ٹرانسپورٹ برادری دونوں کو ریلیف مل سکے اور شہر میں نظم و ضبط بحال ہو۔