عظمیٰ نیوز سروس
پونچھ//پونچھ ضلع میں امن، ہم آہنگی اور ترقیاتی اقدامات کو فروغ دینے کے مقصد سے ڈپٹی کمشنر پونچھ وکاس کنڈل اور ایس ایس پی پونچھ شفقت حسین کی زیر صدارت ڈاک بنگلہ پونچھ میں ایک اہم مشترکہ میٹنگ منعقد ہوئی۔اس میٹنگ میں سول سوسائٹی کے نمایاں اراکین، سینئر شہری، سماجی کارکنان، سیاسی نمائندے اور مذہبی رہنما شامل تھے۔ آغاز میں پہلگام حملے کے متاثرین کی یاد میں دو منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔حکام کے مطابق اس اجلاس کا بنیادی مقصد سول انتظامیہ، پولیس اور عوامی نمائندوں کے درمیان بہتر ہم آہنگی کو فروغ دینا تھا تاکہ ضلع میں پائیدار ترقی اور پرامن ماحول کو یقینی بنایا جا سکے۔ڈپٹی کمشنر وکاس کنڈل نے کہا کہ شراکتی طرز حکمرانی اور عوامی شمولیت ہی ضلع کی ترقی کا اہم ستون ہیں۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ امن کے قیام اور ترقیاتی منصوبوں میں بھرپور کردار ادا کریں۔ایس ایس پی شفقت حسین نے کمیونٹی لیڈرز کے اہم کردار کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ سرحدی سیکورٹی صورتحال کے پیش نظر غلط معلومات کے پھیلاؤ کو روکنے اور امن و امان قائم رکھنے میں معاشرتی تعاون نہایت ضروری ہے۔میٹنگ میں عوامی فلاح، قانون و نظم، ٹریفک مینجمنٹ، نوجوانوں کی شمولیت اور آئندہ ترقیاتی منصوبوں پر سیر حاصل گفتگو ہوئی۔شرکاء نے اس پہل کی تعریف کرتے ہوئے مقامی مسائل پر اپنے قیمتی مشورے اور خدشات پیش کئے، جنہیں انتظامیہ نے سنجیدگی سے سن کر مناسب اقدامات کی یقین دہانی کرائی۔اجلاس کے اختتام پر ضلع کی بہتری کے لئے مسلسل بات چیت اور اشتراکی کوششوں کے عزم کا اعادہ کیا گیا اور عوام سے اپیل کی گئی کہ وہ موجودہ حساس حالات میں انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔