سرینگر//انسداد پولیو مخالف مہم کے دوسرے مرحلے کے تحت وادی کشمیر کے4اضلاع میں2اپریل کو تقریباً5لاکھ بچوں کو دو بوند زندگی کے قطرے پلائے جائیں گے ۔اس مقصد کےلئے محکمہ صحت کی جانب سے ایک ہزار133قطرے پلانے کے مراکز قائم کئے جارہے ہیں ۔معلوم ہوا ہے کہ دوسرے مرحلے کے تحت وادی کشمیر کے 4اضلاع کپوارہ ،بانڈی پورہ کولگام اور سرینگر میں میں4.71لاکھ بچوں کو پولیو سے حفاظت کے قطرے پلائے جائیں گے ۔سرکار ترجمان کے مطابق پولیو مخالف مہم کے دوسرے مرحلے کے تحت ان چار اضلاع میں 2اپریل کو دو بوند زندگی کے قطرے پلائے جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ 1.36لاکھ بچوں کو سرحدی ضلع کپوارہ میں پولیو سے حفاظت کے قطرے پلائے جائیں گے ۔ان کا کہناتھا کہ5سال کی عمر تک کے بچوں کو یہ قطارے پلائے جائیں گے ۔اس دورانضلع ترقیاتی کمشنر کپوارہ نے قومی پلس پولیو مہم کے دوسرے مرحلہ کے لئے کئے گئے انتظامات کاجائزہ لینے کے لئے محکمہ صحت، آئی سی ڈی ایس،تعلیم ،پولیس اورضلع انتظامیہ سے وابستہ آفیسروں کی ایک میٹنگ طلب کی۔اے ڈی سی کو نوڈل آفیسر نامزد کیا گیا ۔چیف میڈیکل آفیسر کپوارہ نے بتایا کہ ضلع سے وابستہ 136262بچوں کو پولیو مخالف قطرے پلانے کے لئے ضلع بھر میں720پولیو مراکز قائم کئے گئے ہیںجبکہ مختلف محکموں سے وابستہ 3803سرکاری اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔146سپروائزری سٹاف اور 28موبائیل ٹیموں کو بھی مامو رکیا گیا ہے۔ضلع ترقیاتی کمشنر کپوارہ نے تمام متلعقین کو ہدایت دی کہ وہ پروگرام کی کامیابی کے لئے آپسی تال میل کا مظاہرہ کریں۔