عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/پولیس یاد گاری دن کی تقریبات کے حصے کے طور پر گاندربل پولیس نے منگل کے روز گاندربل اسپورٹس اسٹیڈیم میں خون کے عطیہ کیمپ کا اہتمام کیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ اس کیمپ کا مقصد پولیس شہدا کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ایک اعلیٰ انسانی خدمت، لوگوں کی زندگیاں بچانے، میں حصہ لینا تھا۔انہوں نے کہا کہ اس تقریب کا افتتاح ایس ایس پی گاندربل خلیل احمد پوسوال نے کیا۔
اس موقع پر انہوں نے اپنے خطاب میں کہاخون کا عطیہ دینا ان بہادر شہدا کو خرج عقیدت پیش کرنے کا ایک بامعنی طریقہ ہے جنہوں نے فرض کی ادائیگی کے دوران اپنی جانیں نثار کیں۔انہوں نے پولیس اہلکاروں، افسروں اور رضا کاروں کے جذبے کو سراہا جنہوں نے اس نیک مقصد میں حصہ لیا۔ان کا کہنا تھاپولیس نہ صرف شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کرتی ہے بلکہ انسانی ہمدردی کے کاموں میں بھی پیش پیش رہتی ہے۔
موصوف ایس ایس پی نے کہا کہ خون کا عطیہ دینا ہمدردی اور خدمت انسانی کا ایک احسن عمل ہے اور اس اقدام کے ذریعے ہم اپنے شہدا کے اہلخانہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے عوامی فلاح و بہبود کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔کیمپ کے دوران موصوف ایس ایس پی نے خود بھی خون کا عطیہ دیا اور ان کے ساتھ بڑی تعداد میں ضلعی پولیس، سی اے پی ایف کے افسروں اور جوانوں کے علاوہ عام شہریوں نے بھی خون کا عطیہ دیا۔