جاوید اقبال
مینڈھر // مینڈھر کے گرسائی ہرونی علاقے میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جب گرسائی سے واپس آ رہی پولیس کی گشتی پارٹی (SOG) کی گاڑی حادثے کا شکار ہوگئی۔ اس حادثے میں سپیشل آپریشن گروپ پولیس کے چار اہلکار زخمی ہوگئے، جنہیں فوری طور پر سب ڈسٹرکٹ ہسپتال مینڈھر منتقل کیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثہ اْس وقت پیش آیا جب گشتی پارٹی اپنی معمول کی ڈیوٹی مکمل کر کے واپس مینڈھر تھانہ لوٹ رہی تھی۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی لوگ اور دیگر پولیس اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا۔ہسپتال ذرائع کے مطابق زخمی اہلکاروں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی ہے اور تمام جوان خطرے سے باہر ہیں۔ ڈاکٹرز نے بتایا کہ زخمیوں کی حالت مستحکم ہے اور مزید ضروری طبی امداد جاری ہے۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں تاکہ حادثے کی اصل وجوہات معلوم کی جاسکیں اور مستقبل میں ایسے حادثات کی روک تھام کے لئے اقدامات کئے جا سکیں۔ پولیس انتظامیہ نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ سڑک پر محتاط ڈرائیونگ کریں تاکہ کسی غیر متوقع حادثے سے بچا جا سکے۔مقامی لوگوں نے حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ گرسائی ہرونی کے علاقے کی سڑک کی مرمت اور حفاظتی انتظامات کو بہتر بنایا جائے، کیونکہ اس راستے پر آئے روز حادثات پیش آتے رہتے ہیں۔ مقامی لوگوںکا کہنا ہے کہ اگر بروقت حفاظتی اقدامات نہ کئے گئے تو آنے والے دنوں میں اور زیادہ سنگین حادثات رونما ہو سکتے ہیں۔حادثے کے بعد پولیس اور انتظامیہ دونوں نے کہا ہے کہ وہ سڑک کی صورتحال کا مکمل جائزہ لے رہے ہیں اور ضروری اقدامات کرکے عوام اور پولیس اہلکاروں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے تمام ممکنہ اقدامات اٹھائیں گے۔