عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کی قیادت میں جموں و کشمیر انتظامیہ نے جمعہ کوجموں و کشمیر پولیس(گزیٹیڈ)سروس ریکروٹمنٹ رولز، 2024 کے تحت پولیس افسران کی بھرتی کے لیے نئے رہنما اصول متعارف کرائے ہیں۔تازہ ترین ضابطوں کا خاکہ ایک سرکاری نوٹیفکیشن (SO 500) میں دیا گیا ہے، جو کہ باضابطہ طور پر نئے قواعدکیساتھ لاگو ہوگئے ہیں۔ لیفٹیننٹ گورنر کی ہدایت کے تحت ، آئین ہند کی طرف سے عطا کردہ اختیارات کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بھرتی عمل کے تازہ رہنما خطوط کا مقصد جموں و کشمیر پولیس گزیٹیڈ سروس کے اندر مختلف کیڈروں میں افسران کی بھرتی اور ترقی کو منظم کرنا ہے۔نئے قوانین کے مطابق بھرتی براہ راست تقرریوں اور ترقیوں دونوں کے ذریعے کی جائے گی۔ براہ راست بھرتی کا انتظام جموں و کشمیر پبلک سروس کمیشن کرے گا، جبکہ ترقیوں کی نگرانی محکمانہ پروموشن کمیٹی (DPC) کرے گی۔سروس کے تحت نئے درجہ بند کیڈرز میں جنرل، ٹیلی کمیونیکیشن، وزارتی، سٹینوگرافی، فوٹوگرافی، پولیس ٹرانسپورٹ ورکشاپ، اور اسلحہ/گولہ بارود شامل ہیں۔ محکمے کے اندر ترقیوں اور تقرریوں کی نگرانی کے لیے دو سلیکشن کمیٹیاں قائم کی گئی ہیں، جن کی قیادت سینئر حکام جیسے چیف سیکرٹری اور پولیس کے ڈائریکٹر جنرل کرتے ہیں۔یہ اصلاحات جموں و کشمیر پولیس(گزیٹیڈ) سروس ریکروٹمنٹ رولز 2002 کی جگہ لے لی ہے، جو پولیس فورس کو مضبوط کرنے کے لیے زیادہ منظم اور شفاف عمل پیش کرے گا۔ نئے قوانین اب باضابطہ طور پر نافذ العمل ہیں اور حکومت کے نوٹیفکیشن کے مطابق نافذ کیے جائیں گے۔