اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ پولیس کی سائبر کرائم ٹیم نے مختلف چوری کے معاملات کا نپٹارا کرتے ہوئے 45سمارٹ موبائل فونز برآمد کئے ہیں جن کی مالیت 8لاکھ چالیس ہزار روپے بتائی جاتی ہے۔ضلع پولیس کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق ضلع کے مختلف علاقوں سے آئے لوگوں نے سائبر کرائم ٹیم کے پاس سمارٹ موبائل فونز کی گمشدگی کے بارے میں شکایات درج کرائی تھی جس پر سائبر کرائم ٹیم نے تحقیقات شروع کی اور سی ای آئی آر پورٹل و ای ایس یو کی تکنیکی مدد سے راجستھان، پنجاب، دہلی، مہاراشٹر و اترپردیش و ملک کی دیگر ریاستوں سے 8لاکھ چالیس ہزار روپے کی مالیت کے 45سمارٹ فونز برآمد کئے۔برآمد کئے گئے موبائل فونز ایس ایس پی ڈوڈہ سندیپ مہتا نے ان کے مالکان کو واپس سونپے۔ایس ایس پی نے عام شہریوں سے موبائل فونز کے استعمال کا خاص خیال رکھنے و اس قسم کے معاملات سے محتاط رہنے کی اپیل کی۔ایس ایس پی نے لوگوں سے چوری ہوئے موبائل فون کے بارے میں نزدیکی پولیس تھانہ میں جاکر گمشدگی رپورٹ درج کرنے کا بھی مشورہ دیا۔