جموں//ریاستی ہیومن رائٹس کمیشن کے جوڈیشل ممبر ، جنگ بہادر سنگھ جموال نے ’گائو رکھشکوں کے حملہ میں ایک کمسن بچی سمیت 5افراد کے زخمی ‘ہونے کی خبروں کا از خود نوٹس لیتے ہوئے ریاستی پولیس کے سربراہ اور ایس ایس پی ریاسی کو دس دن کے اندر اندر رپورٹ دینے کی ہدایت دی ہے، اس واقعہ سے علاقہ میں کشیدگی پیدا ہو گئی تھی ۔ گوجر طبقہ کی طرف سے ریاسی پونی شاہراہ پر دھرنا دئیے جانے کے بعد پولیس نے معاملہ درج کیا ہے ، خبروں کے مطابق خانہ بدوش کنبہ پر دوران سیزنل نقل مکانی کچھ شر پسندوں نے مویشیوںکی اسمگلنگ کا الزام لگاتے ہوئے حملہ کیا اور انہیں زخمی کر دیا۔ جوڈیشل ممبر جنگ بہادر سنگھ نے کہا ہے کہ بادی النظر میں یہ انسانی حقوق کی کھلی خلا ف ورزی ہے جس کا سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے انہوں نے ڈی جی اور ایس ایس پی کو مفصل رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی ہے ۔