سری نگر//جموں وکشمیر پولیس نے وسطی ضلع بڈگام کے ماگام علاقے میں دو جنگجو اعانت کاروں کو گرفتار کرکے اُن کی تحویل سے قابل اعتراض مواد برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ’2 آرآر، 79 بٹالین سی آر پی ایف اور بڈگام پولیس نے ممنوع تنظیم لشکر طیبہ سے وابستہ دو ملی ٹینٹ معاونین کو گرفتار کیا ہے‘۔
انہوں نے گرفتار اعانت کاروں کی شناخت محمد شفیع گنائی ولدعبدالرحمن گنائی ساکن کاوسہ خالصہ اورظہور احمد چوپان ولد علی محمد چوپان ساکن ماموسہ پٹن کے بطور کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ابتدائی تحقیقات کے دوران معلوم ہے کہ گرفتار شدہ اعانت کار ضلع میں سرگرم جنگجووں کو منطقی مدد فراہم کر رہے تھے۔
ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ مذکورہ اعانت کار لشکر کمانڈروں سے رابطے میں تھے اور وہ کاوسہ ، رٹھسنہ ، مازہامہ، پنجورہ ، کنزور اور ماموسہ علاقوں میں اسلحہ و گولہ بارود کو ایک جگہ سے دوسری جگہ پہنچانے میں بھی ملوث رہے ہیں۔
پولیس نے اس ضمن میں کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہے۔