سرینگر// سرینگر پارلیمانی نشست کیلئے تمام انتظامات کو حتمی شکل دینے کا اعلان کرتے ہوئے ریاستی پولیس کے سربراہ ڈاکٹر ایس پی وید نے کہا کہ شہرخاص کے علاوہ چاڈورہ اور گاندربل کے کچھ علاقے سیکورٹی کے حوالے سے حساس ہیں۔ کشمیر عظمیٰ کے ساتھ بات کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر شیش پال وید نے بتایا کہ انتخابات کو پرامن طریقے سے انجام دینے کیلئے سیکورٹی کو حتمی شکل دی گئی ہے۔انہوںنے بتایا ’’ الیکشن کے حوالے سے سیکورٹی انتظامات کو مکمل کیا گیا ہے اور پولنگ مراکز کیلئے بھی سیکورٹی انتظامات کئے گئے ہیں‘‘۔انہوں نے اس بات کا اعتراف کیا کہ شہر خاص کے علاوہ بڈگام میں چاڈورہ اور گاندربل میں کنگن کے علاوہ دیگر کئی علاقے بھی سیکورٹی کے حوالے سے حساس ہیں تاہم انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں تمام تر تیاریاں مکمل کی گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق سرینگر میں گزشتہ دنوں پے در پے جنگجویانہ حملوں کے بعد سیکورٹی کا از سر نو جائزہ لیا گیاتاکہ انتخابات کو پرامن طریقے سے پورا کیا جائے۔ ڈی جی پی نے مختلف سیکورٹی ایجنسیوں کے درمیان تال میل اور رائے دہندگان کے تحفظ کو انتخابی عمل کیلئے اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ الیکشن کے حوالے سے پولیس دیگر ایجنسیوں کے ساتھ متحرک رہے گی۔گاندربل میں پولیس کی ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران انہوں نے کہا کہ پولیس اور دیگر سیکورٹی عملہ ان عناصر کی کوششوں کو ناکام بنا نے کیلئے متحرک ہیں جو انتخابات میں رخنہ ڈالنے کی کوشش کرینگے۔اس سے قبل آئی جی پی کشمیر نے ڈائریکٹر جنرل پولیس کو انتخابات کے حوالے سے کئے گئے انتظامات کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا۔