حسین محتشم
پونچھ//سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) پونچھ شفقت حسین، (جے کے پی ایس) نے ایس ایچ او منڈی پی ایس آئی شام لال کے ہمراہ مختلف علاقوں میں حفاظتی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے دورہ کیا۔ اس دوران انہوںنے ڈنہ فتح پور، ہاڑی بڈھا، محلہ تلاں، محلہ قریشی اور محلہ مکی والا میں مقامی شہریوں سے ملاقات کی۔ دورے کے دوران، ایس ایس پی پونچھ نے مقامی لوگوں سے بات چیت کی اور ان کے تحفظات کی جانکاری حاصل کی اور انہیں امن و سلامتی کو برقرار رکھنے کے لئے پولیس انتظامیہ کے عزم کا یقین دلایا۔ انہوں نے ہاڑی بڈھا ٹاپ پر فوجی افسران کے ساتھ بھی بات چیت کی، خطے میں انسداد بغاوت کے خلاف کارروائیوں کو مضبوط بنانے کے لئے مربوط کوششوں پر تبادلہ خیال کیا۔انہوں نے سخت چوکسی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے خاص طور پر کمزور علاقوں میں انسداد بغاوت (CI) کی کارروائیوں کو تیز کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے لوگوں کی حفاظت اور فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے لئے فعال اقدامات، سیکورٹی فورسز کے درمیان بہتر ہم آہنگی اور فعال کمیونٹی کی شمولیت کی اہمیت پر زور دیا۔انہوں نے کہا ضلع پولیس پونچھ ہمیشہ امن و امان کو برقرار رکھنے اور خطے میں امن کو خراب کرنے کی کسی بھی کوشش کو ناکام بنانے کے لئے پرعزم ہے۔