سرینگر/جنوبی ضلع پلوامہ کے برائو ،بنڈنہ گائوں میں جمعہ کی صبح فورسز اور جنگجوئوں کے مابین مسلح تصادم میں جودو جنگجوجاں بحق ہوئے تھے پولیس نے اُن کی شناخت کرلی ہے ۔
پولیس کی طرف سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ اس معرکہ آرائی کے دوران جاں بحق ہونے والے دو جنگجوئوں میں عرفان احمد ڈیگو عرف ابو زرار ساکنہ نائینہ لیتر پلوامہ اور تصدق امین شاہ ساکنہ کدلہ بل پانپور شامل ہیں ۔
پولیس بیان کے مطابق دونوں کا تعلق لشکر طیبہ سے تھا۔
اس سے قبل یہ تصادم آج صبح گائوں میں فوج، سی آر پی ایف اور ایس او جی اہلکاروں کے مشترکہ آپریشن کے دوران شروع ہوا۔
پولیس ذرائع کے مطابق یہ آپریشن گائوں میں جنگجوئوں کی موجودگی کی اطلاع کے بعد شروع کیا گیا تھا۔
اطلاعات کے مطابق چھپے جنگجوئوں نے جونہی فورسز پارٹی پر گولیاں چلاکر محاصرہ توڑنے کی کوشش کی تو طرفین کے مابین باضابطہ گولیوں کا تبادلہ شروع ہوا جس کا سلسلہ دو جنگجوئوں کی ہلاکت پر رک گیا۔