سرینگر//پولیس نے منگل کو اننت ناگ ضلع میں ہوئی معرکہ آرائی کے دوران جاں بحق ہوئے تین جنگجوﺅں کی شناخت کی ہے۔
ایک بیان میں پولیس نے کہا کہ مارے گئے جنگجوﺅں میں الیاس احمد ڈار عرف سمیرساکن دنوتھپورہ ککر ناگ،عبید شفیع عرف عبد اللہ ساکن بتہ مالو سرینگر اور عاقب احمد لون عرف ساحل ساکن کھانڈے پورہ کولگام شامل ہیں۔
پولیس نے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ تینوں جاں بحق جنگجوﺅں کا تعلق لشکر طیبہ سے تھا۔
پولیس کے مطابق عبید شفیع نامی جاں بحق جنگجو یکم اپریل کو ہوئے آری باغ نوگام حملے میں ملوث تھا جس میں ایک پولیس کانسٹیبل ہلاک ہوا تھا۔
پولیس بیان کے مطابق معرکہ آرائی کے مقام سے ایک اے کے47بندوق، 2پستول وغیرہ بر آمد کئے گئے ہیں۔
اس سے قبل آج صبح وائلو ککر ناگ علاقے میں جنگجوﺅں اور فورسز کے مابین اس وقت معرکہ شروع ہوگیا جب فورسز نے علاقے کو محاصرے میں لیکر تلاشی آپریشن شروع کیا۔ آپریشن کے دوران جنگجوﺅں اور فورسز کا آمنا سامنا ہوا اور طرفین نے ایک دوسرے پر گولیاں چلائیں۔