جموں// ریاستی پولیس کے سربراہ ایس پی وید نے دعویٰ کیا کہ پولیس نے اپنے طریقہ کا رمیں تبدیلی لاکر ملک میں عوام دوست شہری فورس کے صف اول میں جگہ پائی ہیں۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ27برسوں کے دوران پولیس کو نامساعد حالات کے دوران سخت صورتحال کا سامنا کرنا پڑا تاہم عوامی تعاون سے پولیس اس صورتحال پر قابو پانے میںکامیاب ہوئی۔ جموں میںسنیئر پولیس افسران کے ساتھ ایک میٹنگ کے دوران ڈائریکٹر جنرل آف پولیس نے کہا کہ پولیس کی صلاحتوں اور کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کیلئے مسلسل اور متواتر اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے تاکہ زمینی سطح پر پولیس کے طریقہ کار میں نمایاں تبدیلیاں رونما ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ21ویں صدی میں ہمیں آپسی تال میل کے ذریعے اپنے مزاج اور رویہ میں بھی تبدیلی لانے کی ضرورت ہے جبکہ پولیس کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی بھی ضرورت ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل آف پولیس نے کہا کہ تمام چھوٹے بڑے افسران کو پیشہ وارانہ خطرات کے باوجود عوام کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کیلئے مشترکہ طور پر کوشش کرنی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ پولیس تھانوں کے سطح پر اپنے رویہ میں تبدیلی لانے سے لوگوں کے اذہان سے خاکی وردی میں ملبوس اہلکاروں کے تئیں تاثر بھی تبدیل ہوگا۔انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ پولیس میں احیاء نو کی ضرورت ہے اور ان میں عوامی خدمات کا جذبہ پیدا ہو سکے۔ پولیس کے سربراہ کا کہنا تھا کہ اس سے وہ عناصر بھی علیحدہ ہو جائیں گے جو پولیس اور عوام کے درمیان خلیج پیدا کرنے کی کوشش کرتے ہیں،کیونکہ لوگ ریاست میں قیام امن میں حصہ دار بننا چاہتے ہیں۔ ایس پی وید نے مزید کہا کہ خاکی وردی مین ملبوس اہلکاروں کے کارکردگی ہر ایک محاذ پر اعلیٰ معیار کی ہونی چاہے کیونکہ جب بھی لوگوں کو کوئی بھی مسئلہ پیدا ہوتا ہے تب وہ سب سے پہلے پولیس اہلکاروں اور تھانوں کا ہی دروازہ کھٹکھٹاتے ہیں۔