عشرت حسین بٹ
سرنکوٹ// سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) پونچھ، شفقت حسین اور ایس ڈی پی او سرنکوٹ اعجاز چودھری کے ہمراہ پولیس تھانہ سرنکوٹ میں پولیس-کمیونٹی پارٹنرشپ گروپ میٹنگ کا اجلاس منعقد کیا ۔اجلاس میں مقامی لوگوں ،ٹرانسپورٹرز، تاجروں اور معزز شہریوں نے شرکت کی۔ میٹنگ کا مقصد پولیس اور عوامی تعلقات کو مضبوط بنانا اور عوام کے خدشات کو پولیس کے تئیں دور کرنا تھا۔ اجلاس کے دوران، ایس ایس پی پونچھ نے تین نئے فوجداری قوانین کے اہم پہلوؤں اور انصاف کو یقینی بنانے اور امن و امان کو برقرار رکھنے کے لئے ان کے اثرات پر روشنی ڈالی ۔انہوں نے منشیات کے استعمال سے نمٹنے کے لئے پولیس کے عزم پر زور دیا اور ملک دشمن سرگرمیوں کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی کا اعادہ کیا، اور ان معاملات میں ملوث مجرموں کے خلاف سخت کارروائی کو یقینی بنایا۔ اجلاس میںشرکاء نے اپنی شکایات کا اظہار کیا، جن کے ازالے کو لیکر ایس ایس پی نے کم سے کم وقت میں فوری ازالے کی یقین دہانی کرائی۔ عوامی نوعیت کے معاملات کو حل کے لئے سول انتظامیہ کے ساتھ مزید رابطہ کاری کے لئے ایس ایس پی نے تمام معاملات کو نوٹ کیا۔ بتا دیں کہ اجلاس خطے میں امن اور ہم آہنگی کو برقرار رکھنے کے لئے اجتماعی کوششوں کے مطالبے کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔ عوام نے پولیس کے اس اقدام کو سراہا اور امن و امان کو برقرار رکھنے میں اپنے تعاون کا وعدہ کیا۔