بڈگام// ماگام میں پولیس کی مبینہ زیادتیوں کے خلاف لوگوں نے پوشکر۔ ماگام سڑک پررکاوٹیں کھڑاکرکے احتجاج کیا جس کی وجہ سے ٹریفک کی نقل وحرکت تقریباً دو گھنٹوں تک مکمل طور پر بند رہی۔مقامی لوگوںنے الزام لگایا کہ پولیس اہلکاروں نے گزشتہ شام ایک سومو ڈرائیور کو کھاگ پولیس اسٹیشن لے جانے کو کہا جس کی مذکورہ سومو ڈرائیور نے بغیر کوئی کرایہ مانگے تعمیل کی ۔ مظاہرین نے کہاجب یہ سومو ڈرائیور پولیس اسٹیشن پہنچا تو وہاں ان پولیس والوں نے اس کو گاڑی وہیں کھڑا رکھ کرکاغذات دکھانے اور صاحب سے ملنے کو کہا۔احتجاجیوں نے کہا کہ یہ پولیس کی غنڈہ گردی ہے اگر انہیں اس سومو ڈرائیور کے کا غذات دیکھنے تھے تو وہ سڑک پر وہیں دیکھنے تھے نہ یہ کہ اس کو کھاگ پولیس اسٹیشن پہچانا تھا اور پھر وہاں ستانا تھا۔ انہوں نے کہا کہ گاڑی کو ایک مقصد کیلئے لیجانا اور پھر اس کو بغیر کسی وجہ کے بند کرنا کا کیا معنی ہے۔تاہم ا یس ایچ او کھاگ محمد اسلم نے لوگوں کے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ گاڑی سڑک پر چیکنگ کے دوران ضبط کی گئی۔انہوں نے کہا کہ ہم نے اس ڈرائیور کو کاغذات دکھانے کو کہا لیکن وہ کاغذات دکھانے کے بجائے گاڑی کو وہیں چھوڑ کر بھاگ گیا۔ ادھر ذرائع کے مطابق پولیس نے بعد میں اس گاڑی کو ریلیز کیا۔