عظمیٰ نیوز سروس
جموں// گاندھی نگر جموں پولیس سٹیشن میں ایک شخص کی حراستی ہلاکت پر کارروائی کرتے ہوئے ایس ایچ او کو اٹیچ اور دو پولیس اہلکاروں کو معطل کردیا گیا ہے۔ جموں کے ضلع مجسٹریٹ نے واقعہ کی مجسٹریٹ انکوائری شروع کرنے کے احکامات صادر کئے ہیں۔کٹھوعہ ضلع کے نگری علاقے کے رہنے والے ساحل سینی کو 30 جنوری کو چوری سے متعلق ایک معاملے میں گرفتار کیا گیا اور اگلے دن گاندھی نگر پولیس اسٹیشن میں مشتبہ حالات میں مردہ پایا گیا تھا جب کہ وہ چار روزہ پولیس ریمانڈ پر تھا۔
پولیس نے ایک بیان میں کہا، “ضلع پولیس جموں نے دو اہلکاروں کو معطل کر دیا اور ایس ایچ او گاندھی نگر کو ڈسٹرکٹ پولیس لائنزسے منسلک کر دیا۔”معیاری پروٹوکول کے مطابق، پولیس نے کہا کہ متوفی کی لاش کو گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں منتقل کیا گیا اور ڈاکٹروں کے بورڈ کی تشکیل کے لیے درخواست کی گئی ہے کہ وہ ایک فرسٹ کلاس ایگزیکٹیو مجسٹریٹ کی موجودگی میں پوسٹ مارٹم کرے اور موت کی وجہ کا تعین کریں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ پولیس عوام کی تشویش کو سمجھتی ہے اور قانون نافذ کرنے والے آپریشنز میں احتساب اور شفافیت کے اعلی ترین معیارات کو برقرار رکھنے کے اپنے عزم پر زور دیتی ہے۔