سرینگر//حریت(گ)نے پٹن پولیس تھانے میں نظربند تحریک حریت رہنما مشتاق احمد ہُرہ کے سخت بیمار ہونے پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کی فوری رہائی پر زور دیا ہے۔ حریت کے مطابق مشتاق احمد پچھلے 9مہینوں سے حراست میں ہیں اور اس دوران میں ان پر 3بار پبلک سیفٹی ایکٹ کا اطلاق عمل میں لایا گیا ہے۔ عدالت عالیہ نے موصوف پر عائد پی ایس اے کو کالعدم کیا ہوا ہے اور ان کی فوری رہائی کے احکامات صادر کئے ہیں۔ حریت ترجمان نے ان اطلاعات پر بھی اپنی فکرمندی کا اظہار کیا کہ پٹن پولیس تھانے کے 10×10حوالات میں 30سے زائد قیدیوں کو ٹھونس کر رکھا گیا ہے اور جگہ کی تنگی کی وجہ سے وہ سو بھی نہیں سکتے ہیں۔