نئی دلی//امن و قانون کی صورتحال سے نپٹنے اور جنگجووں کے خود کش حملوں کو روکنے کیلئے ریاستی پولیس کو جدید آلات سے لیس کیا جارہا ہے جن میں آئی ڈی ایس (انٹروکشن ڈٹکشن سسٹم)اور الیکٹرک بوم بیریرز( الیکٹرک بوم بارئیز) شامل ہے تاکہ سرکاری تنصیبات پر جنگجووں کے خود کش حملوں کو روکا جاسکے۔ پولیس ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ 8کروڑ روپے سے خریدے جاننے والے یہ جدید آلات آئندہ دو ماہ کے اندر اندر برآمد کئے جائیں گے۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ پولیس محکمے کی جانب سے خریدے جاننے والے جدید آلات میں سب سے اوپر انٹروجن ڈیٹیکشن سسٹم ہے جو پوری ریاست خاص کر وادی میں پولیس کی تنصیبات کیلئے حفاظت کیلئے کافی اہم ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ انٹروجن ڈیٹیکشن سسٹم حفاظتی حصار میں آنے والے کسی بھی اجنبی کا پہلے ہی پتہ لگا کرنظر گزر رکھنے والے اہلکاروں کو سگنل کے ذریعے مطلع کرے گا جو پولیس کو آنے والے خطرے سے آگاہ کرے گا۔ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ محکمہ پولیس نے دن کے دوران حفاظت کو مزید پختہ کرنے کیلئے ریڈیو فریکونسی ائیڈنٹی فیکیشن(آر ایف آئی ڈی) نصب کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس سے پولیس تنصیبات میں اعلیٰ افسران کے آنے اور جاننے میں آسانی کے ساتھ ساتھ کافی وقت بھی بچے گا۔ ذرائع نے بتایا کہ اس نظام کے تحت صرف محکمہ پولیس کی گاڑیوں کو ہی کسی بھی پولیس تنصیبات اور تھانوں میں جاننے کی اجازت ہوگی جنکی گاڑیوں پر یہ نظام لگا ہوگا۔ ذرائع نے بتایا کہ محکمہ پولیس کے اعلیٰ افسران کی گاڑیوں میں آر ایف آئی ڈی نظام نصب کیا جائے گا تاکہ انسانی مداخلت کی وجہ سے وقت ضائع نہ ہو اور پولیس افسران بغیر کسی رکاوٹ کے تمام پولیس تنصیبات میں جاسکیں۔ ذرائع نے بتایا کہ ایسی گاڑیوں، جن میں آر ایف آئی ڈی نہیں لگا ہوگا کو بغیر جانچ پڑتال کے کسی بھی جگہ جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ذرائع نے بتایا کہ پولیس زیر زمین بارودی مواد کا پتہ لگانے کیلئے جی پی آر سسٹم بھی خرید رہی ہے تاکہ جنگجووں کی طرف سے زیر زمین رکھے گئے ہتھیاروں کا پتہ لگایا جاسکے۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ وادی میں مظاہرین سے نپٹنے کیلئے پولیس نے گیس ماسکس بھی خریدنے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ پولیس کو بھیڑ کو قابو کرنے کیلئے ٹیر گیس شلوں اور دیگر گیس نما ہتھیاروں کا استعمال کرنا پڑتا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ شر پسند عناصر سے نپٹنے کیلئے کبھی پولیس کو ایسے علاقوں کی طرف جانا پڑتا ہے جو دھویں سے بھرے پڑے ہوتے ہیں اور پولیس کو کافی دشواریوں کا سامنا ہے تاہم گیس ماسک آنے سے پولیس کی یہ رکاوٹ بھی ختم ہوجائے گی۔