نیوز ڈیسک
جموں// پولیس سب انسپکٹر بھرتی گھوٹالہ کیس کے اہم ملزم بی ایس ایف افسر کی ضمانت کی درخواست کو جموں و کشمیر ہائی کورٹ نے بدھ کو ایک بار پھر مسترد کر دیا، جو اس معاملے میں سی بی آئی کے ذریعہ اس کی گرفتاری کے بعد پانچویں بار ہے۔ گزشتہ سال اکتوبر میںجسٹس سنجے دھر نے بی ایس ایف کمانڈنٹ (میڈیکل) کرنیل سنگھ کی ضمانت کی درخواست مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ایک شخص، جو مقابلہ جاتی امتحانات سے متعلق سوالیہ پرچوں کو لیک کرنے اور فروخت کرنے میں ملوث ہے، ہزاروں نوجوانوں کے کیریئر سے کھیل رہا ہے اور ایسا فعل قتل کے جرم سے زیادہ گھناؤنا ہے۔ہائی کورٹ نے سینئر ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل اور سی بی آئی کے وکیل مونیکا کوہلی کی دلیل کو قبول کرتے ہوئے دونوں فریقوں کو سننے کے بعد سنگھ کی ضمانت کی درخواست کو مسترد کر دیا کہ کیس کی تحقیقات ابھی جاری ہے۔عدالت نے سنٹرل بیورو آف انوسٹی گیشن (سی بی آئی) کو ہدایت دی کہ وہ اس معاملے میں مزید تحقیقات مکمل کرے اور ایک ضمنی چارج شیٹ، اگر کوئی ہے، تیزی سے، ترجیحی طور پر تین ماہ کی مدت کے اندر داخل کرے۔اس افسر کو ایجنسی نے گزشتہ سال 18 اکتوبر کو اپنے بیٹے سے مارچ میں جموں و کشمیر سروسز سلیکشن بورڈ (جے کے ایس ایس بی) کے ذریعہ منعقدہ پولیس سب انسپکٹر بھرتی امتحان کا سوالیہ پرچہ حاصل کرنے کے لئے مبینہ طور پر ٹاؤٹ استعمال کرنے کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔وہ ان 24 افراد میں شامل تھے جنہیں سی بی آئی نے گزشتہ سال 12 نومبر کو اس کیس میں چارج شیٹ کیا تھا اور اس نے انہیں مرکزی ملزم اور سازش کا سرغنہ قرار دیا تھا۔