ٹنگڈار سیکٹر میں تصادم کے بعد در اندازی کی کوشش ناکام، ٹہاب پلوامہ میں گرینیڈ دھماکہ
کولگام+اننت ناگ+ کپوارہ// کولگام میں جنگجوئوں نے زیر تربیت ایک پولیس کانسٹیبل کو اغوا کرنے کے بعد اسے ہلاک کیا۔اس دوران مٹن اور ہاوورہ مشی پورہ کیموہ میں جنگجوئوں نے فورسز کی گشتی پارٹیوں پر فائرنگ کی تاہم کوئی نقصان نہیں ہوا جبکہ ٹنگڈار سیکٹر میں دراندازی کی کوشش ناکام بنادی گئی جس کے دوران فوج اور جنگجوئوں میں فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا۔ پولیس کے مطابق نا معلوم جنگجو جمعہ کی شام دیر گئے محمد سلیم شاہ ولد عبدالغنی شاہ ساکن موتل ہامہ کولگام نامی پولیس اہلکار کے گھر میں داخل ہوئے اور اسے زبردستی اپنے ساتھ لے گئے ۔اس معاملے کی اطلاع فوری طور پولیس کو دی گئی جس کے بعد کئی مقامات پر چھاپے مارے گئے لیکن سنیچر کی سہ پہر قریب ساڑھے تین بجے کیموہ گھاٹ کے نزدیک اوتی پورہ گائوں کے باہر مذکورہ اہلکار کی گولیوں سے چھلنی لاش بر آمد کی گئی ۔ مذکورہ اہلکار محکمہ پولیس میں بطور ایس پی او کام کرتا تھا تاہم چند مہینے پہلے اسے کانسٹیبل بنایا گیا ۔مہلوک اہلکار کھٹوعہ پولیس ٹریننگسینٹر میں زیر تربیت تھا اور کچھ روز قبل چھٹی پر گھر آیا تھا۔ادھر بمہ زو مٹن اننت ناگ میں تعینات سی آر پی اہلکاروں پر جنگجوئوں نے فائرنگ کی جس دوران فورسز اہلکاروں نے جوابی کارروائی عمل میں لائی اور طرفین کے درمیان چند منٹوں تک گولیوں کا تبادلہ جاری رہا ،تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ،فائرنگ کے بعد پورے علاقے کو محاصرے میں لیکر تلاشی کارروائی عمل میں لائی گئی تاہم حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے تھے۔ قابل ذکر ہے کہ یہ واقعہ امرناتھ جانے والے راستہ پر پیش آیا ۔واقعہ کے بعد سڑک پر سیکورٹی مزید بڑھا دی گئی ۔اُدھر ہاورہ مشی پورہ کولگام میں فائرنگ کی آوازیں سنائی دی۔مقامی لوگوں کے مطابق فائرنگ کی آوازیں ایک کھلے میدان کی طرف سنائی دی گئی۔تاہم یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ فائرنگ کس نے کی۔دریں اثناء فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ کرناہ کے ٹنگڈار سیکٹر میں درندازی کی ایک کوشش کو ناکام بناکر جنگجوئوں کو اندر داخل ہونے سے روک دیا گیا ۔کرناہ کے لوہر سلطان پوسٹ بلتھڑیاں میں سنیچر کی صبح فوج کی چھ گڑوال رجمنٹ نے درندازی کی ایک کوشش کو ناکام بناتے ہوئے جنگجوئوں کے ایک گروپ کو اندر داخل ہونے سے روک لیا ۔ اس دوران بلتھڑیاں اور اُن کے نزدیکی جنگلات کو فوج نے بڑے پیمانے پر محاصرے میں لیکر تمام داخلی راستوں کو سیل کر دیا ۔فوج کے ایک اعلیٰ افسر نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ سنیچر کی صبح لوہر سلطان پوسٹ بلتھڑیاں ٹنگڈار میں 6گڑوال رجمنٹ سے وابستہ اہلکار معمول کے مطابق اپنی ڈیوٹی پر تعینات تھے تو انہوں نے علی الصبح جنگجوئو ں کے ایک گروپ کو مشکو ک حالت میں دیکھا جو سرحد عبور کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔انہوں نے کہا کہ جنگجوئوں کو روکا گیا جس کے بعد آدھ گھنٹہ تک طرفین میں گولیوں کا شدید تبادلہ ہوا جس کے دوران جنگجو واپس فرار ہوئے۔انہوں نے مزید کہا کہ بلتھڑیاں ، راگنی ، ٹایا اور جاڈہ علاقوں کے جنگلات کا بڑے پیمانے پر آپریشن جاری ہے۔ایس ایس پی کپوارہ نے امبارکر شرما نے تصدیق کی کہ جنگجوئوں کے گروپ نے درندازی کرنے کی کوشش کی تھی جسے ناکام بنا دیا گیا ۔ادھر رات دیر گئے ٹہاب پلوامہ میں فورسز کے کیمپ پر جنگجوئوں نے رائفل گرینیڈ داغا جو فوج کی ایک گاڑی کیسپر کے نزدیک زوردار دھماکے سے پھٹ گیا۔ تاہم اس واقعے میں کوئی نقصان نہیں ہوا۔ اس کے بعد علاقے کو محاصرے میں لیکر تلاشی کاروائی شروع کی گئی۔