بچوں کے تحفظ کے نظام کو مضبوط بنانے پر تربیتی پروگرام کا افتتاح
جموں//لیفٹیننٹ گورنرمنوج سنہا نے کل پولیس اور دیگر اسٹیک ہولڈروں کے ’’چائلڈ پروٹیکشن سسٹم کی مضبوطی‘‘ کے موضوع پر دو روزہ تربیتی پروگرام کا افتتاح کیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ حکومت ہند اور یو ٹی انتظامیہ کی جانب سے ’’کسی بچے کو پیچھے نہ چھوڑیں‘‘ کے موضوع پر کی گئی کوشش نوجوان نسل کے لیے ایک حساس، معاون ماحولیاتی نظام تیار کرنے کے ہمارے عزم کی عکاس ہے۔انہوں نے کہا ’’ہر بچہ دیکھ بھال کرنے والے گھر کا مستحق ہے،ہم جموں و کشمیر میں ہر بچے کے لیے خوشگوار بچپن کو محفوظ بنانے کے لیے گود لینے کے طریقہ کار کو مضبوط کر رہے ہیں‘‘۔انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم نریندر مودی کی رہنمائی میں، انتظامیہ ضرورت مند بچوں کو ادارہ جاتی اور غیر ادارہ جاتی نظاموں سے جوڑنے اور انہیں قوم کی تعمیر میں اپنا حصہ ڈالنے کے لیے بااختیار بنانے کے لیے پوری حساسیت کے ساتھ کام کر رہی ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے مزید کہا کہ ادارہ جاتی نگہداشت میں بچوں کو 18 سال کی عمر کے بعد مرکزی دھارے میں دوبارہ انضمام میں سہولت فراہم کرنے کے لیے مدد فراہم کی جا رہی ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے پولیس اور سیکورٹی فورسز سے کہا کہ وہ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے پیشگی اقدامات کریں کہ کوئی بھی معصوم بچہ دشمن کے مذموم عزائم کا شکار نہ ہو۔ایل جی نے کہا ’’جموں و کشمیر میں دہشت گردی کے ذمہ دار عناصر نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں کو غیر قانونی سرگرمیوں میں مائل کرنے کی مذموم کوششیں کر رہے ہیں، ہماری پولیس اور سیکورٹی فورسز کو چوکنا رہنا چاہیے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ ‘معصوم کو ہاتھ نہ لگائیں اور مجرم کو نہ چھوڑیں’ ہماری پالیسی ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے مرکز کے زیر انتظام علاقے میں بچوں کی دیکھ بھال اور تحفظ کے لیے سازگار ماحول تیار کرنے کے لیے انتظامیہ کی طرف سے کیے گئے کلیدی اقدامات کا اشتراک کیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ جوینائل جسٹس ملک کی ترقی کا ایک لازمی حصہ ہے۔ جووینائل جسٹس رولز 2021 جاری کیے گئے ،جووینائل جسٹس بورڈ کو دوبارہ منظم کیا گیا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے یو ٹی لیول ایڈاپشن ریسورس ایجنسی قائم کی ہے اور آج 12 خصوصی گود لینے والی ایجنسیاں، کریڈل بیبی ریسپشن پورے مرکز کے زیر انتظام علاقے میں کام کر رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ23-2022 سے اب تک کل 34 بچوں کو گھر ملے ہیں۔ اس کے علاوہ، 47 بچوں کی دیکھ بھال کے لیے ‘پلاش’ اور ‘پریشا’ قائم کیے گئے ہیں۔ لیفٹیننٹ گورنر نے مزید کہا کہ جنوری 2023 میں فوسٹر کیئر فنڈ کو جووینائل جسٹس ایکٹ کے تحت منظور کیا گیا تھا۔اس موقع پر، لیفٹیننٹ گورنر نے معاشرے کے ہر طبقے پر زور دیا کہ وہ ضرورت مند بچوں اور کووڈ وبائی امراض کے دوران اپنے والدین سے محروم ہونے والوں کی مدد کرنے کے لیے اپنی ذمہ داری کو نبھائیں۔