عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//ڈی جی پی جموں و کشمیر نے فیصلہ کیا ہے کہ مہینے کے ہر دوسرے اور چوتھے ہفتہ کو دو گھنٹے دوپہر2بجے سے شام 4بجے ایسے افراد سے ملاقات کے لیے مختص کیے جائیں گے جن کی پولیس انتظامیہ سے متعلق شکایات ہیں۔انہوں نے کہا کہ بہت سارے عام شہری شکایتوںکے ازالے کیلئے بغیر کسی پیشگی اجازت نامے کے پولیس ہیڈ کوارٹر پہنچ رہے ہیں اور متعدد لوگوں نے ڈی جی پی سے ملاقات کے طریقہ کار اور تاریخ اور وقت کے بارے میں واضح نہ ہونے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ڈی جی پی نے درخواست کی ہے کہ اگر شکایت کنندہ یا شکایت کا ازالہ کرنے والا شخص تحریری بیان یا درخواست کے ساتھ آتا ہے تو یہ مددگار ثابت ہوگا۔ڈائریکٹر جنرل آف پولیس نے کہا کہ اگر کسی شخص کو کسی شکایت کا ازالہ چاہتا ہے تو اسے نچلی سطح پر متعلقہ پولیس افسران کے پاس تحریری شکایت درج کرائیں ۔سنیچر کو جاری ایک بیان میںڈی جی پی نے یہ بھی کہا کہ عام طور پر شکایت کنندہ یا ازالے کے متلاشیوں کو متعلقہ پولیس یونٹوں کے جونیئر افسران سے رجوع کرنا چاہیے جن کے پاس ایسی شکایات کے ازالے کا اصل مینڈیٹ ہے۔بیان میں کہا گیا کہ فیلڈ میں متعلقہ افسران کو موقع دئے بغیر براہ راست ڈی جی پی سے رجوع کرنا ایک اچھاعمل نہیں ہے۔بیان میں کہا گیا کہ ان شکایات کو ترجیح دی جائے گی جنہوں نے فیلڈ پولیس یونٹوںسے رابطہ کیا تھا اور پھر بھی ان کی شکایات حل نہیں ہوئیں۔