پونچھ//ضلع پولیس پونچھ میں تعینات ڈی وائی ایس پی ہیڈ کواٹر موہن لال کا پونچھ سے تبادلہ کرنے پر عوام نے برہمی کا اظہار کیا ہے۔اس سلسلہ میں لوگوں نے بس اڈہ پونچھ پر احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔اس موقعہ پر مقررین نے کہا کہ پونچھ میں جب بھی کوئی افسر ایمانداری سے کام کرنا شروع کرتا ہے تو سیاسی لوگ ان کا تبادلہ کر وا دیتے ہیں۔چمن لعل نامی ایک شخص نے کہا کہ ڈی وائی ایس پی ہیڈ کواٹر موہن لال نے یہاں تعینات ہونے کے بعد سے اب تک نیک نیتی اور ایمان داری سے کام کیا ہے اور لوگوں کے مسائل حل کرنے میں اہم کردار ادا کر کے لوگوں کے دلوں میں جگہ بنائی ہے۔انہوں نے کہا کہ شایدکچھ لوگوں کو یہ پسند نہیں آیا جس کی وجہ سے ان کا یہاں سے تبادلہ کر کے کہیں اور بھیج دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک افسر ایک مقام پر دو یا تین سال تک کام کرتا ہے لیکن موہن لال کو چند ہی ماہ یہاں کام کرنے کا موقعہ دیا گیا۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اس طرح کے افسروں کو یہاں تعینات رکھا جائے تاکہ پونچھ میں امن و امان قائم رہے۔