سرینگر//وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے پولیس محکمہ کے افسروں سے کہا ہے کہ وہ روز مرہ کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے محتاط اور پیشہ وارانہ لائحہ عمل اختیار کریں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس عوامی اعتماد کا ایک ادارہ رہا ہے اور وہ یہ کام اب بھی نبھا رہا ہے۔وزیر اعلیٰ نے ان خیالات کا اظہار کل پولیس افسروں کے ایک گرؤپ کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ محبوبہ مفتی نے پولیس افسروں کو صلاح دی کہ وہ ریاست میں جرائم کی سطح کم کرانے کے لئے کمیونٹی پولیسنگ اختیار کریں اور اس مزید عام کریں۔انہوں نے کہا کہ قانون کی پاسداری کرنے والے عام لوگوں کے ساتھ فعال اور ہمدردانہ لائحہ عمل اختیار کرنے سے سماج سے جرائم پسند عناصر خود بخود الگ تھلگ ہوجائیں گے۔ محبوبہ مفتی نے چھان بین کرنے اور جرائم کا پتہ لگانے کے لئے روائتی طور طریقوں کے بجائے جدید طریقوں کو استعمال میں لانے کی ہدایت دی۔انہوں نے افسروں سے کہا کہ وہ نوجوانوںسے نمٹتے وقت سماج میں ایک مثبت کردار ادا کرنے کا راستہ اختیار کریں جس سے وہ تشدد کے راستے کی طرف راغب نہیں ہوں گی اور ان کی صلاحیتوں کو سماج کی بقاء کے استعمال میں لایا جاسکے گا۔محبوبہ مفتی نے افسروں سے کہا کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں عوامی رابطے کو بڑھائیں اور وہ لوگوں کی ضروریات و مشکلات کے بارے میں بھی جانکاری حاصل کریں۔ڈی جی پی ڈاکٹر ایس پی وید، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس اے جی میر اور مُنیر احمد خان، آئی جی پی کشمیر زون ایس پی پانی اور کئی دیگر پولیس افسران بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔