جموں //بھیڑ و پشو پالن اور ماہی پروری کے وزیر عبدالغنی کوہلی نے سائینسدانوں پر زور دیا ہے کہ وہ ریاست کے غیر پیداواری علاقوں کیلئے سود مند ٹیکنالوجی کو ترتیب دیں ۔ وزیر نے ان باتوں کا اظہار اتوار کو زرعی یونیورسٹی جموں کے زیر اہتمام 2 روزہ کسان میلے کی اختتامی تقریب کے دوران کیا ۔ اس برس کے میلے کا موضوع ’’ مجموعی کاشتکاری ‘ نفع بخش اور پائیدار کاشتکاری ‘‘ تھا ۔ کسان میلے کی خاص بات کھیتوں کا دورہ ، کسان گھوشٹی ، دیہی کھیل سرگرمیاں ، جدید ٹیکنالوجی پر ویڈیو فلم اور تمدنی پروگرام تھی ۔ وزیر نے گوشت ، انڈوں اور مچھلیوں کی پیداوار کو بڑھاوا دے کر اس کو چھوٹے پیمانے کی صنعت میں شامل کرنے پر زور دیا ۔ انہوں نے کسانوں کو جانکاری فراہم کرنے کیلئے کسان میلے کے انعقاد پر زرعی یونیورسٹی جموں کی کوششوں کی سراہنا کی ۔