عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//حالیہ بارشوں اور برفباری کے بعد پیدا شدہ ٹھنڈ کے دوران اتوار کو کھلی دھوپ میں سنڈے مارکیٹ ایک بار پھر جوبن پر رہا تاہم اس بار یہ سنڈے مارکیٹ دیوالی سپیشل سنڈے مارکیٹ ثابت ہوا جہاں مقامی لوگوں کے ساتھ ساتھ بیرونی سیاحوں نے جم کر خریداری کی ۔تہوار کے موسم میں اپنے لئے گرم ملبوسات کے ساتھ ساتھ سنڈے مارکیٹ میں تحائف اور گھریلو آرائش کی اشیاء کی بھر پور خریداری کا رجحان رہا ۔کشمیری دستکاری مصنوعات کی خریداری کرتی ہوئی مہاراشٹر کی میگھا نے ٹی ای این کو بتایا کہ وہ وہ اور ان کا کنبہ ایک ہفتے سے کشمیر میں ہیں ،اور اب دیوالی کی مناسبت سے وہ سرینگر میں مقیم ہیں ۔آج اتوار کو انہوں نے سنڈے مارکیٹ کا رخ کیا اور لالچوک میں گرم ملبوسات کے ساتھ ساتھ کشمیری دستکاری کی مصنوعات خریدیں ۔انہوں نے کہاکہ وہ یہاں سے ہاتھوں سے تیار کی گئی اشیاء خریدنا چاہتی ہیں اور سنڈے مارکیٹ میں نسبتاً کم داموں میں وہ اپنے گھراور اپنے عزیز واقارب کیلئے تحائف خرید رہی ہیں ۔کولکتہ کے مہیش نے اپنے بچوں کیلئے شال اور کشمیری فرن خریدے ۔انہوں نے کہاکہ یہاں کے مقامی پروڈکٹ بہت دلکش ہیں اور وہ سنڈے مارکیٹ میں یہاں کی مقامی دستکاری اشیاء کی خریداری کررہے ہیں ۔اتوار کو پولوویو سے امیرا کدل تک سجے سنڈے مارکیٹ میں بیرونی سیلانیوں کی کافی تعداد خریداری کرتی نظر آئی جو دیوالی تہوار کی مناسبت سے بھی خریداری کررہے تھے ۔