پولنگ کا دوسرا مرحلہ آج

Mir Ajaz
3 Min Read

۔3,500 پولنگ سٹیشنوں پر 13,000سے زیادہ عملہ تعینات

سرینگر//جموں و کشمیر کے 26اسمبلی حلقوں میں قائم 3,500 پولنگ سٹیشنوں پر منگل کو 13,000 سے زیادہ پولنگ عملے نے پوزیشنیں سنبھال لیں، جہاں مرکز کے زیر انتظام علاقے میں دوسرے مرحلے کے انتخابات میںآج ووٹنگ ہوگی۔حکام نے بتایا کہ پولیس، مسلح فورسز اور مرکزی ؎ نیم فوجی دستوں پر مشتمل اہلکار صبح سویرے پولنگ سٹیشنوں کے لیے روانہ ہوئے۔ان کا کہنا تھا کہ ہر پولنگ سٹیشن کے ارد گرد ایک کثیر سطحی حفاظتی دائرہ ڈال دیا گیا ہے تاکہ دوسرے مرحلے کے لیے ووٹنگ کو خوف سے پاک ماحول میں یقینی بنایا جا سکے۔حکام نے کہا، “چونکہ ووٹنگ کا دوسرا مرحلہ آج ہونے جارہا ہے اس بات کو یقینی بنانے کے لیے اسٹرانگ رومز سیکورٹی کے وسیع انتظامات کئے گئے ہیں کہ زیادہ سے زیادہ لوگ اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں،جہاں بدھ کو پولنگ کے اختتام کے بعد الیکٹرانک ووٹنگ مشینیں رکھی جائیں گی ،کو محفوظ کر لیا گیا ہے اور انہیں چوبیس گھنٹے ڈیجیٹل نگرانی میں رکھا جائے گا۔”ووٹرز کو ہموار اور پریشانی سے پاک انتخابی شرکت کے لیے سہولت فراہم کرنے کے لیے، الیکشن کمیشن آف انڈیانے ان حصوں میں 3,502 پولنگ اسٹیشن قائم کیے ہیں۔ ایک سرکاری ترجمان نے بتایا کہ 1,056 شہری پولنگ اسٹیشن اور 2,446 دیہی پولنگ اسٹیشن ہیں۔انہوں نے کہا کہ انتخابات میں شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے الیکشن کمیشن کی کوششوں کے حصے کے طور پر تمام پولنگ سٹیشنوں پر ویب کاسٹنگ کی سہولت موجود ہو گی۔
کل رائے دہندگان
اس مرحلے میں 239 اُمیدواروں کی قسمت کا فیصلہ 25.78 لاکھ سے زیادہ رائے دہندگان کریں گے ۔ دوسرے مرحلے میں جموں و کشمیر کے 6 اَضلاع کے 26 اسمبلی حلقوںمیں ووٹ ڈالے جائیں گے۔ان میں گاندربل، سرینگر اور بڈگام اور صوبہ جموں میں ریاسی، راجوری اور پونچھ شامل ہیں۔ صوبہ کشمیر میں 15 اسمبلی حلقوں میں انتخابات ہو رہے ہیں جن میں کنگن (ایس ٹی)، گاندربل، حضرت بل، خانیار، حبہ کدل ، لال چوک چھانہ پورہ، زڈی بل،عید گاہ، سینٹرل شالہ ٹینگ، بڈگام، بیروہ، خان صاحب، چرارِ شریف، چاڈورہ شامل ہیں جبکہ، صوبہ جموں میں 11 اسمبلی حلقوں گلاب گڑھ (ایس ٹی)، ریاسی، ویشنو دیوی، کالاکوٹ۔ سندربنی، نوشہرہ، راجوری (ایس ٹی)، بدھل (ایس ٹی)، تھانہ منڈی (ایس ٹی)،سرنکوٹ (ایس ٹی)، پونچھ حویلی اور مینڈھر میں بھی ووٹ ڈالے جائیں گے۔

Share This Article