سرینگر// کشمیری علیحدگی پسند قیادت سید علی گیلانی، میرواعظ مولوی عمر فاروق اور محمد یاسین ملک نے مشترکہ بیان میں وسطی ضلع بڈگام کے ان تمام مقامات پر الیکشن بائیکاٹ کے ساتھ ساتھ مکمل اور ہمہ گیر ہڑتال کرنے کی اپیل کی ہے، جن میں 38پولنگ مزاکز پر 13اپریل جمعرات کو دوبارہ پولنگ کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان علاقہ جات کو اضافی فورسز تعینات کرکے اگرچہ عملاً فوجی چھاؤنیوں میں تبدیل کردیا گیا ہے، البتہ عوام سب سے بڑی طاقت ہے اور وہ 9اپریل کی طرح پوری ہمت اور حوصلے کے علاوہ بھرپور مزاحمت کا مظاہرہ کریں گے۔ بیان میں تینوں قائدین نے کہا کہ 14اپریل کو بڈگام میں جو جلسہ بلایا گیا ہے، وہ 9اپریل کے شہداء کی یاد میں بلایا گیا تعزیتی جلسہ ہے اور اس میں حصولِ حقِ خودارادیت تک جدوجہد جاری رکھنے کا تجدید عہد کیا جائے گا۔ گیلانی ، میرواعظ عمر اور یاسین ملک نے امید ظاہر کی کہ عالمی برادری بھی اس صورتحال کا نوٹس لئے بغیر نہیں رہ سکتی ہے اور یہ بھارتی عوام کو بھی کشمیریوں کے اندرون سے واقف کرانے میں مددگار ثابت ہوگی۔قائدین نے ٹہاب پلوامہ میں ٹائیرگیس شل لگنے سے ایک خاتون کی ہلاکت پر اپنے گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے اس واقعے کے لیے حکومتی فورسز کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فوج، سی آر پی ایف اور پولیس پُرامن مظاہرین کے خلاف طاقت کا بے تحاشا استعمال کرکے قیمتی انسانی زندگیاں لے رہی ہیں، البتہ مرتکبین سے کوئی باز بُرس کی جاتی ہے اور نہ کسی ذمہ دار اہلکار کے خلاف کوئی کارروائی عمل میں لائی جاتی ہے۔قائدین نے جان بحق خاتون کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔