عظمیٰ نیوز سروس
ریاسی//پوشن پروجیکٹ ریاسی کی جانب سے پوشن ماہ نہایت جوش و خروش کے ساتھ پنچایت آغر جٹٹو کے لوئر بتورا میں منایا گیا۔ یہ تقریب ملک گیر سطح پر جاری پوشن ماہ پروگرام کا حصہ تھی جس کا مقصد دیہی عوام میں غذائیت، صحت اور مجموعی فلاح و بہبود کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا تھا۔اس موقع پر تقریب کی صدارت ڈسٹرکٹ پروگرام آفیسر سدھارشن کمار نے کی جبکہ سی ڈی پی او ریاسی، سنندر جیت کور نے بھی شرکاء کو پروگرام کے مقاصد سے روشناس کرایا۔ انہوں نے بتایا کہ مشن پوشن کا اصل مقصد عوام کو متوازن غذا کی اہمیت سے آگاہ کرنا اور غذائی قلت پر قابو پانا ہے۔تقریب کے دوران مختلف سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا جن میں غذائیت سے متعلق آگاہی سیشن، صحت مند کھانوں کی تیاری کا عملی مظاہرہ اور مقامی خواتین و بچوں کے ساتھ انٹرایکٹو سیشن شامل تھے۔ ان پروگراموں کے ذریعے بچوں کی صحت، متوازن خوراک اور حکومت کی جانب سے فراہم کردہ مختلف غذائی اسکیموں کے درست استعمال پر زور دیا گیا۔اس تقریب میں پنچایت کے منتخب اراکین، سپروائزرز، آنگن واڑی ورکرز، ماؤں اور بچوں نے بھرپور شرکت کی۔پروگرام کا اختتام اس پیغام کے ساتھ ہوا کہ مقامی برادری غذائیت سے بھرپور خوراک اپنائے اور ہر ماں اور ہر بچے کی صحت کو یقینی بنائے تاکہ ریاسی ضلع کی سماجی ترقی اور صحت مند مستقبل کی بنیاد رکھی جا سکے۔